منگلورو: 5رکنی گینگ نے کیا نوجوان کا اغوا۔بری طرح زدوکوب کرکے وصول کیا تاوان
ڈانڈیلی 8؍دسمبر( ایس او نیوز) فالنیر علاقے سے شماق حسن (22سال) نامی نوجوان کو ایک5رکنی گینگ نے اغواکرلیا اور پھراسے سسی ہیتلو کے مقام پر لے جاکر بری طرح زدوکوب کرنے کے بعداس کے گھروالوں سے 50ہزار روپے تاوان وصول کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
شماق کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ مقامی کالج میں بی بی ایم کا کورس کررہا ہے۔ جب وہ نوشاد اور سورو نامی دوستوں کے ساتھ اتّاور کے ایک ہوٹل میں کافی پی رہا تھا تو شماق کا کلاس میٹ انکیت موٹر بائک پر وہاں پہنچا اور شماق کو اپنے ساتھ کسی کام کے سلسلے میں چلنے کو کہا۔ جب آدھے گھنٹے تک شماق واپس نہیں لوٹا تو شماق کے دوستوں نے اسے فون کیا، تو فون ریسیو نہیں کیا گیا۔ پھر تھوڑی دیر بعد دوسرے نمبر سے فون کیا گیا تو شماق کو اغوا کرنے والوں نے فون ریسیو کیا اور بتایا کہ اسے موڈبیدری لے جایاجارہا ہے۔
کافی دیر بعد اغواکاروں نے شماق کے دوستوں کو فون کرکے اسے چھوڑنے کے لئے تاوان کے طورپر 50ہزار روپے طلب کیے۔پھر کچھ گھنٹوں کے بعد اغواکاروں نے فون کرکے شماق کو جان سے مارڈالنے کی دھمکی دی۔پتہ چلا ہے کہ جب ان کی مانگ کے مطابق شماق کے گھر والوں نے رقم ادا کردی توشرپسند اغواکار سوفٹ کار میں سے شماق کو باہر پھینکتے ہوئے فرار ہوگئے۔
وینلاک اسپتال میں داخل زخمی شماق کے طبی معائنے سے معلوم ہواہے کہ اغواکاروں نے شماق کو لوہے سلاخوں سے بری طرح پیٹا ہے جس سے اس کے چہرے، پیٹھ، اور سرپرزخم آئے ہیں ۔ اس کے علاوہ شماق کے جسم کو کئی جگہوں پر جلتی ہوئی سگریٹ سے داغا بھی گیا ہے۔پانڈیشور پولیس نے شماق کی شکایت پر گوتم، لوئی ویگاس، گوتم ، انکیت اور آدتیہ والکے نامی ملزمین کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔اغواکرنے والی گینگ کے اراکین کو گرفتار کرنے کے لئے پولیس نے جال بچھایا ہے۔جبکہ جرم انجام دینے کے لئے استعمال کی گئی سوفٹ کاراور لوہے سلاخیں ضبط کرلی گئی ہیں۔