بنگلور کی سڑکوں پر آپ محفوظ ہیں اس لئے کہ ٹریفک یہاں رینگتی ہوئی چلتی ہے

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 14th January 2019, 11:37 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورو،14؍جنوری(ایس او نیوز) بنگلورو شہر کی سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے کبھی کبھی آپ جھنجھلاہٹ محسوس کرنے لگتے ہیں ، اس لئے کہ یہاں ٹریفک رینگتی ہوئی چلتی ہے لیکن ایک بات آپ کے لئے خوش آئند ہے کہ شہر کی ان سڑکوں پر آپ محفوظ ہیں۔

بنگلورو کی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے راستے محفوظ اس لئے ہیں کہ ان کی طرف سے یعنی پولیس دستہ کی جانب سے ٹریفک کا بہتر انتظام کیا جاتا ہے البتہ ماہرین کے مطابق اس دوسرے مساوی طور پر اہم اور کلیدی عنصر کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ اس شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بہت زیادہ سست رفتاری کے ساتھ چلتی ہے۔

بنگلورو ٹریفک پولیس کے ریکارڈ کے مطابق بنگلور شہر میں پچھلے سال یعنی 2018 میں پچھلے دس سالوں میں سب سے کم حادثات پیش آئے ہیں۔حالانکہ سال 2009 میں پیش آئے 6,875 حادثات کے مقابلہ میں سال 2017 میں 5,064 حادثات پیش آئے تھے، لیکن سال 2018 میں یہ کمی بہت زیادہ واضح تھی۔اس سال نومبر کے مہینہ تک صرف 4,172 حادثات درج کئے گئے تھے، ٹریفک پولیس افسران کا کہنا ہے کہ دسمبر کے مہینہ میں پیش آئے حادثات کو بھی اگر شامل کر لیا جائے تب بھی یہ عدد پچھلے سال کے برابر نہیں ہو سکتا۔نہ صرف حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ اس سال سڑک حادثات میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد میں بھی کمی پیدا ہوئی ہے ، واضح رہے کہ سال 2009 میں شہر بنگلور میں سڑک حادثات کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 761 تھی جبکہ سال 2017 میں یہ تعداد کم ہو کر 642 کو پہنچ گئی اور پچھلے سال شہر کی سڑکوں پر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد نومبر کے آخر تک 611 رہی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر دوڑنے والی گاڑیوں کی تعداد میں بھاری اضافہ کی وجہ سے ان گاڑیوں کی رفتار میں کمی واقع ہوئی ہے، کہا جاتا ہے کہ اس وقت شہر میں کل 78 لاکھ سواریاں پائی جاتی ہیں جبکہ سال 2009 میں صرف 34 لاکھ سواریوں کی شہر میں آبادی تھی، صرف دس سالوں کے عرصہ میں ہونے والے سواریوں کے دگنے سے زیادہ اضافہ نے شہر کی سڑکوں پر ان سواریوں کی رفتار پر منفی طور سے اثر کیا ہے ۔

اضافی پولیس کمشنر (ٹریفک) پی ہری شیکھرن کا کہنا ہے کہ حادثات کی تعداد میں کمی اس بات کو واضح کر تی ہے کہ شہر میں ٹریفک کا انتظام کافی بہتر ہے ، انہوں نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد یہ نہیں ہوتا کہ زیادہ سے زیادہ مقدار میں جرمانہ کی رقم وصول کی جائے ، ہم مقدمات داخل کرنے کے بجائے ایسے مقامات پر پولیس جوان اور افسران کو تعینات کر تے ہیں جہاں ٹریفک کا اژدہام زیادہ ہوتا ہے یا پھر حادثات کے پیش آنے کے خطرات وہاں پائے جاتے ہیں‘‘، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس جوان اور افسران ان لوگوں کے خلاف معاملات درج کرنے کی زیادہ کوشش کر تے ہیں جو نشہ کی حالت میں گاڑیاں چلاتے ہیں یا پھر فٹ پاتھوں پر گاڑیاں لے کر چڑھ جاتے ہیں، یہی چیزیں ہیں جن کی وجہ سے زیادہ حادثات پیش آتے ہیں اور چونکہ ان باتوں پر ٹریفک پولیس کی طرف سے زیادہ توجہ دی جا رہی ہے ، اسی کا نتیجہ ہے کہ شہر کی سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔

شہری ٹرانسپورٹ کے ماہر ایم این سری ہری کا کہنا ہے کہ پولیس کی طرف سے مناسب اور موثر انتظام کے علاوہ حادثات کی تعداد میں کمی کے لئے اہم عنصر راستوں پر گاڑیوں کی رفتار میں کمی بھی ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر کی راستوں پر چونکہ ٹریفک کی مقدار میں بھی بھاری اضافہ ہوا ہے ، اس کے نتیجہ میں گاڑیوں کی رفتار پر منفی اثر مرتب ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’’تیز رفتاری حادثات کی ایک اہم اور بنیادی وجہ ہوتی ہے ، جب ٹریفک رینگتی ہوئی چل رہی ہے تو پھر کوئی بھی کس طرح اپنی گاڑی کو تیز چلا سکتا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ حادثات کم ہو رہے ہیں‘‘۔پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر حادثات کا شکار ہونے والے یا تو دو پہیہ سوار ہوتے ہیں یا پھر پیدل چلنے والے لوگ۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی نے باغی لیڈر ایشورپا کو 6 سال کے لئے پارٹی سے معطل کر دیا

  کرناٹک میں آزاد امیدوار کے طور پر لوک سبھا الیکشن لڑ رہے بی جے پی کے باغی لیڈر کے ایس ایشورپا کو پارٹی نے 6 سال کے لئے معطل کر دیا۔ زیر بحث شیوموگا لوک سبھا سیٹ سے اپنی نامزدگی واپس نہیں لینے کے ایشورپا کے فیصلے کے بعد بی جے پی کی تادیبی کمیٹی نے اس تعلق سے ایک حکم جاری کر دیا۔ ...

ہبلی: سی او ڈی کرے گی نیہا مرڈر کیس کی تحقیقات؛ ہبلی، دھارواڑ کے مسلم رہنماوں نے کی قتل کی مذمت

ہبلی میں ہوئے کالج طالبہ نیہا قتل معاملے کو بی جے پی کی طرف سے سیاسی مفادات کے لئے انتہائی منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم پر قابو پانے کے لئے وزیر اعلیٰ سدا رامیا نے اعلان کیا ہے کہ قتل کے اس معاملے کی مکمل تحقیقات سی او ڈی کے ذریعے کروائی جائے گی اور تیز رفتاری کے ساتھ شنوائی کے ...

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مقدمہ

لوک سبھا انتخابات 2024: کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار پر لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پولیس نے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ معاملہ کانگریس لیڈر شیوکمار کے ایک ویڈیو سے جڑا ہے۔ ویڈیو میں، وہ مبینہ طور پر ...

طالبہ کا قتل: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے لو جہاد سے کیا انکار

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ہفتہ کو کہا کہ ایم سی اے کی طالبہ نیہا ہیرے مٹھ کا قتل لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ چیف منسٹر نے میسور میں میڈیا کے نمائندوں سے کہاکہ میں اس فعل کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ قاتل کو فوری گرفتار کر لیا گیا۔ یہ لو جہاد کا معاملہ نہیں ہے۔ حکومت اس بات کو ...