یوگی کا پہلا فرمان: الہ آباد میں ذبیحہ خانے بند کئے جائیں، وزیراعلی کے حکام کو امن وقانونی انتطامات چست رکھنے کی ہدایت
الہ آباد:20/مارچ (آئی این ایس)اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے غیر قانونی طورپر چل رہے مذبح خانوں کو حکومت بنتے ہی بند کرنے کا اعلان کیاتھا۔ اسی ضمن میں حلف برداری کے بعد وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مذبح کو بند کرانے کے اعلان کے تئیں اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس کے فوراً بعد میونسپل بورڈ انتظامیہ اتوار کی رات حرکت میں آگئی۔ کارپوریشن کے مویشی افسر ڈاکٹر دھیرج گوئل اپنے ماتحت افسران کی ٹیم کے ساتھ پہلے کریلی تھانہ پہنچے اور وہاں سے پولیس فورس لے کر اٹالا میں واقع سلاٹر ہاؤز پہنچے اور مذبح کے صدر دروازے پر تالا لگادیا۔ اس کے بعد نینی میں واقع سلاٹر بند کردیا، جبکہ اس سے قبل میونسپل بورڈ انتظامیہ نے کاغذ پر انہیں بند دکھادیاتھا۔ لیکن اب تک وہ روزانہ تقریباً 90کی صلاحیت کے برعکس اٹالا سلاٹر ہاؤس میں 300جانور ذبح کئے جاتے تھے۔ میونسپل حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ رام باغ میں جانور نہ کاٹے جائیں، اس کے لیے حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ اقتدار کی منتقلی کے ساتھ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سلاٹر ہاؤس کو بند کرنے کے بیان سے سکتے میں آئی میونسپل بورڈ انتظامیہ نے اتوار کی رات کریلی پولیس کی موجودگی میں اٹالااور نینی چکدوندی محلے میں معیار کے خلاف چل رہے سلاٹر ہاؤز کو بند کرادیا ہے۔ شہر میں اٹالا کے ساتھ رام باغ اور نینی سلاٹر ہاؤز کو بند کرنے کا حکم این جے ٹی پہلے ہی دے چکاہے۔ مئی 2016ء میں نیشنل گرین ٹری بیونل کی ہدایت پر غیر قانونی طورپر چلائے جارہے مذبح کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ غور طلب ہے کہ ریاست میں 250سے زیادہ غیر قانونی سلاٹر ہاؤز کی نشان دہی کی گئی ہے، جنہیں میونسپل بورڈ کے افسران کاغذ پر بند بتارہیں ہے۔ اترپردیش کے وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی نے حکام کو امن وقانون انتظامیہ چست درست کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کی آج ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے وی آئی پی گیسٹ ہاؤز میں حکام کوبلاکر انہیں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کی ”سنکلپ پتر“ کو نافذ کرنے کاعمل شروع کرنے کے لیے بھی کہا۔ انہوں نے قانونی انتظامات کو کسی بھی صورت میں کنٹرول میں رکھنے کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری راہل بھٹنا گر، پولیس ڈائرکٹر جنرل جاوید احمد، محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری دیواشیش پانڈا اور اطلاعات شعبہ کے چیف سکریٹری نونیت سہگل نے صبح میں ان سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد کابینی ساتھیوں کے ساتھ راج بھون جائیں گے۔ گورنر رام نائک نے کابینہ کو چائے پر مدعو کیاہے۔ اس درمیان، گورکھپور اور آلہ آباد سے آئی سادھو سنتو ں کی ٹولی وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ 5کالی داس مارگ پر ہون پوجا کررہی ہے۔ وہاں چل رہی تیاریوں سے لگتا ہے کہ مسٹر یوگی جلد ہی اپنی سرکاری رہائش گاہ میں رہنے لگیں گے۔