یوگیشور کا لندن اولمپکس کا کانسہ کا تمغہ سلور میں تبدیل ہوا
نئی دہلی، 30؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی پہلوان یوگیشور دت کا لندن اولمپکس میں جیتاہوا کانسہ کا تمغہ چاندی میں تبدیل کر دیاگیا ہے جب دوسرے مقام پر رہے روس کے آنجہانی بیسک کڈو کھوکو ڈوپ ٹیسٹ میں ناکام رہنے کی وجہ سے میڈل سے ہاتھ دھونا پڑا۔یوگیشور نے ٹوئٹ کیاکہ مجھے آج صبح ہی معلوم ہوا ہے کہ میرا اولمپک میڈل اب چاندی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، میں یہ میڈل ملک کے باشندوں کو وقف کرتا ہوں۔روسی ایجنسی فلوریسلنگ ڈاٹ اوآر جی کے مطابق چار بار کے عالمی چمپئن اور دو بار کے اولمپک میڈل فاتح کڈو کھوکو عالمی ڈوپنگ مخالف ایجنسی کی طرف سے کرائے گئے ڈوپ ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا ہے۔کڈکھووکی 2013میں روس میں ایک کار حادثے میں موت ہو گئی تھی۔یوگیشور نے لندن اولمپکس 2012میں مردوں کے 60کلو فری اسٹائل زمرے میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ریو اولمپکس میں مردوں کے 65کلو فری اسٹائل زمرے میں پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوئے یوگیشور لندن میں کڈو کھوو سے پری کوارٹر فائنل میں ہار گئے تھے لیکن روسی جمناسٹ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد انہیں رے پیجج کھیلنے کا موقع ملا جس میں انہوں نے کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔