’الرقہ‘ کو داعش سے آزاد کرانے پر سعودی عرب کی مبارک باد
ریاض،21؍اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )سعودی عرب نے شام کے شہر الرقہ کو دہشت گرد تنظیم ’داعش‘ کے غاصبانہ تسلط سے آزاد کرانے پر شام کی سیرین ڈیموکریٹک فورسز اور عالمی اتحاد کو مبارک باد پیش کی ہے۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الرقہ شہر سے داعش کو نکال باہر کرنا دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں غیرمعمولی پیش رفت اور کامیابی ہے۔سعودی عہدیدار کا کہنا ہے کہ وہ مملکت شام اور عراق سمیت پورے خطے کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک دیکھنے کے لیے موثر کوششیں جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان طلال سلو نے الرقہ شہر کی داعش سے مکمل آزادی کا باضابطہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ الرقہ کو شہری کی سیکیورٹی کونسل کے انتظام میں دیا جائے گا۔ ترجمان نے الرقہ سے داعش کی شکست کو تاریخی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ داعش کو شام کے دوسرے شہروں سے بھی نکال باہر کیا جائے گا۔