ہندوستان نے سری لنکا کو سات وکٹ سے شکست دے دی، فائنل کی امیدبرقراررکھی
کوالالمپور،8؍جون( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد واپسی کرتے ہوئے ہندوستان نے آج یہاں خاتون ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں سری لنکا میں سات وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے کی امیدیں زندہ رکھی ہے۔تھائی لینڈ اور ملائیشیا کے خلاف آسان فتح کے بعد ہندوستان کو گزشتہ میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف سات وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو اپنے اس پڑوسی ملک کے خلاف کسی بھی شکل میں اس کی پہلی شکست ہے۔ہندوستان نے آج بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر ایکتا بشٹ (20رن پر دو وکٹ)نے دو وکٹ لینے کے علاوہ دو بلے بازوں کو رن آؤٹ بھی کیا۔ جھولن گوسوامی (20رن پر ایک وکٹ)، انجا پاٹل (19رن پر ایک وکٹ)اور پونم یادو(23رن پر ایک وکٹ)نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کئے جس سے سری لنکا کی ٹیم سات وکٹ پر 107رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان نے اس کے جواب میں ٹاپ اور مڈل آرڈر کی بلے بازوں کی عمدہ اننگز کی مدد سے سات گیند باقی رہتے تین وکٹ پر 110رنز بنا کر جیت درج کی۔