بھٹکل ڈونگرپلی کے قریب خاتون نے لگائی کنویں میں چھلانگ؛ مسلم نوجوان نے دکھائی ہمت؛ گہرے کنویں میں اُتر کر عورت کو نکالا زندہ سلامت

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 20th February 2019, 12:50 PM | ساحلی خبریں |

بھٹکل 20/فروری (ایس او نیوز) یہاں ڈونگر پلی کے قریب اے پی جے عبدالکلام روڈ پر  واقع ایک کنویں میں قریبی علاقہ کی ایک خاتون نے چھلانگ لگاتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کی، مگر مقامی لوگوں نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے  خاتون کو زندہ باہر نکال دیا اور ایک  بڑے  ممکنہ فساد سے بھٹکل کو بچادیا۔

بتایا گیا ہے کہ آج صبح قریب گیارہ بجے ایک خاتون جس کی شناخت اپرنا ناگراج شیٹھ (39) کی حیثیت سے کی گئی ہے، اچانک مسلم علاقہ اے پی جے عبدالکلام روڈ پر واقع   ایک زیرتعمیر مکان کے کمپاونڈ کے کنویں میں چھلانگ لگاتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ جائے وقوع پر موجود  تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں نے فوری طور پر  اطراف کے لوگوں کو واقعے کی جانکاری دی۔پل بھر میں  ڈونگر پلی اور مخدوم کالونی کے ساتھ ساتھ  پڑوسی علاقہ آسارکیری اور سونارکیری کے لوگ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ خبر ملتے ہی پولس بھی پہنچ گئی۔ مگر کنواں کافی گہرا ہونے کی وجہ سے کوئی کنویں میں اُترنے کے لئے تیار نظر نہیں آیا۔ ایسے میں ایک مسلم نوجوان ابراہیم باولا نے پولس سے اجازت چاہی اور ہمت اوربہادری دکھاتے ہوئے کنویں میں اُتر گیا اور خاتون کی کمر کو بیلٹ باندھتے ہوئے  رسی سے لٹکا دیا، جسے بعد میں اوپر کھینچ لیا گیا۔ 

لوگوں کی حیرت کی انتہا  نہ رہی  جب معلوم ہوا کہ  خاتون زندہ ہے، اسے پولس نے اپنی ہی جیپ میں سوار کرکے فوری سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں اس کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹر نے اسے  خطرہ سے باہر بتایا ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ  کنواں کافی  گہرا ہے ، مگر عورت کو کہیں پر  کوئی چوٹ کا نشان بھی نہیں  ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ عورت سیدھے  ہوکر نیچے گری ہوگی، اگر اس کے سر کا یا جسم کا حصہ کنویں کی دیوار سے بھی ٹکرایا ہوتا، تو عورت کا زندہ بچنا مشکل تھا، عورت قریب ایک گھنٹے تک پانی میں ہی پڑی رہی، جس کے بعد اُسے باہر نکالا گیا۔  بتایا گیا ہے کہ عورت کا تعلق پڑوسی علاقہ سونارکیری سے ہے  اور  اس کا ذہنی توازن صحیح نہیں ہے۔ 

چونکہ عورت غیر مسلم ہے اور اُس نے مسلم علاقہ میں آکر کنویں میں چھلانگ لگائی ہے، ایسے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر عورت کو کچھ ہوجاتا تو شرپسند عناصر  اسی واقعے کو لے کر بھٹکل میں فساد برپا کردیتے ، مگر اللہ کی قدرت  اور مسلم نوجوانوں کی ہمت نے   شرپسندوں کو ایسا کوئی موقع  ہاتھ لگنے نہیں دیا اور پورے شہر کو  شرپسندوں کی شرارت سے محفوظ رکھا۔ مقامی لوگوں نے خاتون کے زندہ بچ نکلنے پر اللہ کا لاکھ لاکھ شکر بجالایا ہے۔

پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

انکولہ میں ڈاکٹر انجلی نے بی جے پی پر کیا طنز : مجھے بیرون ضلع کی کہنے والوں کو میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا 

انکولہ کے ناڈ ور ہال میں منعقدہ انتخابی تیاریوں کے جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اتر کنڑا حلقے کی امیدوار ڈاکٹر انجلی نمبالکر نے بی جے پی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے اتر کنڑا ضلع سے باہر کی امیدوار بتانے والی بے جے پی کو بھی میرے حلقے میں آنا ہی ہوگا ۔ انہیں شائد پتہ نہیں ...

کمٹہ میں ڈی کے شیوکمار نے کہا : دھرم کسی کی جائداد نہیں ہے ۔ بھگوان کو سیاست میں استعمال کرنا ناقابل معافی ہے

پارلیمانی انتخاب کی تیاریوں کے سلسلے میں کمٹہ میں منعقدہ  جائزاتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے پی سی سی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار نے کہا کہ ہمارا یقین یہ ہے کہ دھرم چاہے جو بھی اس کا نظریہ ایک ہی ہے ، نام چاہے سیکڑوں ہوں ، مگر بھگوان ایک ہی ہے اور پوجا جیسی بھی ہو، ...

بھٹکل شمس الدین سرکل کے قریب بس اور آٹو رکشہ کی ٹکر؛ آٹو ڈرائیور شدید زخمی

  قلب شہر شمس الدین سرکل کے قریب  پرائیویٹ بس اور آٹو کی ٹکر میں آٹو ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا جسے   بھٹکل سرکاری اسپتال میں ضروری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زائد علاج کے لئے کنداپور  لے جایا گیا ہے۔ زخمی ڈرائیور کی شناخت جامعہ آباد روڈ، ماسٹر کالونی کے رہائشی  محمد سُہیل ...

بھٹکل میں انجلی نمبالکر نے کہا؛ آنے والےانتخابات بی جے پی اور کانگریس کے درمیان نہیں ، امیروں اور غریبوں کے درمیان اور انصاف اور ناانصافی کے درمیان مقابلہ

  آنے والے لوک سبھا انتخابات میں اصل مقابلہ  بی جے پی اور کانگریس کے درمیان  نہیں ہوگا بلکہ  اڈانی اور امبانی جیسے  سرمایہ داروں  کو تعاون فراہم کرنے والوں اور غریبوں کو انصاف دلانے والوں کے درمیان ہوگا، صاف صاف کہیں تو یہ سرمایہ داروں اور غریبوں کے درمیان  مقابلہ ہے۔ یہ بات ...