بھٹکل ہاڈولی میں ہوئے سڑک حادثہ میں ایک خاتون کی موت
بھٹکل 21/ستمبر (ایس او نیوز) یہاں تعلقہ کے ہاڈولی میں ہوئے ایک سڑک حادثہ میں ایک شادی شدہ خاتون کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت سیتا نائک (38) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق سیتا نائک اپنے شوہر کرشنا نائک کی بائک پر سوار اپنے سسرال ہاڈولی سے بھٹکل کے مُنڈلی میں واقع اپنی ماں کے گھر جارہی تھی کہ راستے میں اچانک ایک کتے کے راستہ کاٹنے سے توازن بگڑ گیا اور تیز رفتار بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار سیتا نائک بائک سے نیچے گرپڑی۔ گرتے ہی اُس کے سر کو شدید چوٹ لگی، جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوگئی۔
لاش کو بعد میں بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اس کے دو لڑکے ہیں۔
بھٹکل مضافاتی پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔