بابری مسجد ملکیت مقدمہ کی سماعت ملتوی ؛ مولانا ارشد مدنی نے کہا؛ ہمارا موقف بہت مضبوط ہے اور یقین ہے کہ دستاویزات اورحقائق کی بنیاد پر انصاف ہوگا

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 9th February 2018, 1:26 AM | ملکی خبریں |

نئی دہلی 8/فروری (ایس او نیوز/پریس ریلیز)  ہندوستان اور ہندوستانی عدلیہ کی تاریخ کے سب سے بڑے مقدمہ یعنی بابری مسجد ملکیت تنازعہ کی سماعت آج ایک بار پھر سپریم کورٹ آف انڈیا میں عمل میں آئی جس کے دوران جمعیۃ علماء ہندکی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر راجیو دھون نے عدالت کو بتایا کہ وہ معاملے کی روز بہ روز سماعت کئے  جانے کے لئے  تیار ہیں بشرطیکہ فریق ثانی مقدمہ کے تعلق سے ان کی جانب سے الہ آباد ہائی کورٹ میں داخل دستاویزات مہیا کرائیں۔

چیف جسٹس دیپک مشراء کی سربراہی والی بینچ جس میں جسٹس عبدالنظیر اور جسٹس بھوشن کے روبرو جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سینئر وکلاء ڈاکٹر راجو دھون، ڈاکٹر راجو رام چندر اور اعجاز مقبول پیش ہوئے، جس کے دوان ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں جمعیۃ علماء و دیگر مسلم فریقین کی تیاری تقریباً مکمل ہوچکی ہے، لیکن ہندو فریقین نے ابتک ان کتابوں کی نقول عدالت میں پیش نہیں کی ہے جسے انہوں نے الہ آباد ہائی کورٹ میں داخل کیا تھا۔

اعجاز مقبول نے بتایاکہ ایسی درجنوں کتابیں ہیں جن کا ترجمہ کرکے ہندو فریقین کو مسلم فریقین کو مہیا کرانا ہے جسے انہوں نے ابتک نہیں داخل کیا ہے جس پر عدالت نے ہندو فریقین کو حکم دیا کہ وہ دو ہفتوں کے اندر ان تمام دستاویزات کو مع ترجمہ رجسٹری میں جمع کرائیں۔

جمعیۃ علماء کے وکیل اعجاز مقبول کی درخواست پر عدالت نے مداخلت کار بننے کے لئے  پر تول رہے بی جے پی ایم پی ڈاکٹر سبرامنیم سوامی کی عرضداشت پر کوئی کارروائی نہیں کرنے کی گذارش کی جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے ان تمام مداخلت کاروں کی درخواستوں کو ٹھنڈے بستے میں ڈال دیا اور حکم دیا کہ پہلے فریقین کے دلائل کی سماعت کی جائے اور پھر اس کے بعد اس تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔

عدالت عظمی نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اگلی سماعت کی تاریخ ۱۴ مارچ ۲۰۱۸ مقرر کی ہے۔

اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا سید ارشد مدنی نے کہا ہے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں اور دیگر زبانوں میں جو دستاویزات تھیں ان کے ترجمے کا کام بھی تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔ تاخیر تو دوسرے فریقین کی طرف سے ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں نے ہمیشہ قانون کا احترام اور عدلیہ پر اپنے اعتماد ویقین کا اظہار کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس معاملے میں مسلمانوں کی طرف سے عدالت کے کسی حکم کی کبھی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ البتہ فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے مسلسل عدلیہ اور آئین کی توہین ہوتی رہی ۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہمارا موقف بہت مضبوط ہے۔ ہمیں مکمل یقین ہے کہ عدالت اس معاملے میں دستاویزات اورحقائق کی بنیاد پر انصاف کرے گی۔ انہوں نے اخر میں کہا کہ ہم ملک کے پر امن شہری ہیں ، عدلیہ کے تمام تر فیصلوں کا احترام کرتے آئے ہیں اور اس معاملے میں بھی عدالت عظمیٰ کا جو فیصلہ ہوگا ہم اسے قبول کریں گے۔ 

بابری مسجد کی ملکیت کے تنازعہ کو لیکر سپریم کورٹ آف انڈیا میں زیر سماعت پٹیشن نمبر 10866-10867/2010 پر بحث میں جمعیۃ علماء کی جانب سے سینئر وکیل ڈاکٹر راجو دھون، ڈاکٹر راجو رام چندرنے بحث کی جبکہ ان کی معاونت کے لیئے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول، ایڈوکیٹ طاہر، ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ جارج، ایڈوکیٹ تانیا شری، ایڈوکیٹ اکرتی چوبے ، ایڈوکیٹ قراۃ العین، ایڈوکیٹ مجاہد احمد و دیگر موجود تھے ۔

واضح رہے کہ23؍ دسمبر1949 ؁ء کی شب میں بابری مسجد میں مبینہ طور پر رام للا کے ظہور کے بعد حکومت اتر پردیش نے بابری مسجد کو دفعہ145؍ کے تحت اپنے قبضہ میں کرلیا تھا جس کے خلاف اس وقت جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا سید نصیرالدین فیض آبادیؒ اور جنرل سیکریٹری مولانا محمد قاسمؒ شاہجاں پوری نے فیض آباد کی عدالت سے رجوع کیا تھا جس کا تصفیہ 30؍ ستمبر2010ء؍ کو الہ آباد ہائی کورٹ کے ذریعہ ملکیت کو تین حصوں میں تقسیم کرکے دیا گیاتھا ۔متذکرہ فیصلے کے خلاف جمعیۃ علماء ہند نے سپریم کورٹ میں عرضداشت داخل کی تھی جس کی آج سماعت ہوئی۔

اس معاملے میں جمعیۃ علماء ہند اول دن سے فریق ہے اور بابری مسجد کی شہادت کے بعد دائر مقدمہ میں جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا سید نصیرالدینؒ فیض آبادی اور جنرل سیکریٹری مولانا محمد قاسمؒ شاہجاں پوری نچلی عدالت میں فریق بنے تھے پھر ان کے انتقال کے بعد حافظ محمد صدیقؒ (سیکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش) فریق بنے لیکن دوران سماعت ان کی رحلت کے بعد صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش مولانا اشہد رشیدی فریق بنے جو عدالت عظمی میں زیر سماعت اپیل میں بطور فریق ہیں ۔

جمعیۃ علماء ہند نے صدر جمعیۃعلماء مولانا سیدارشد مدنی کی ہدایت پر30؍ ستمبر 2010ء؍ کے الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کو جس میں ا س نے ملکیت کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ دیا تھا کہ جس کے خلاف سب سے پہلے سپریم کورٹ سے رجوع کیا پھر اس کے بعد دیگر مسلم تنظیموں نے بطور فریق اپنی عرضداشتیں داخل کی تھیں۔
الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ میں داخل اپیل میں سب سے پہلا مدعہ جمعیۃ علماء ہندنے یہ اٹھایا کہ جب کسی بھی فریق (ہندو اور مسلم)نے بابری مسجد ملکیت کو مختلف حصوں میں بانٹنے کا مطالبہ ہی نہیں کیا تو عدالت نے ایسا فیصلہ کیوں دیا اور نہ ہی عدالت نے فیصلہ صادر کرتے وقت آرکلوجیکل انڈیا کی رپورٹ کی مدد لی جس میں یہ بتایا  گیا ہے کہ جس جگہ بابری مسجد تعمیرکی گئی تھی وہاں کبھی رام مندر یا کوئی اور مندر تھا ہی نہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

الیکشن کمیشن نے کانگریسی لیڈر سرجے والا پر 48 گھنٹے کی لگائی پابندی

لوک سبھا انتخابات 2024 سے پہلے کانگریس کے ترجمان رندیپ سرجے والا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ منگل (16 اپریل 2024) کو، الیکشن کمیشن آف انڈیانے ان کی انتخابی مہم پر پابندی لگا دی ہے۔ کانگریس لیڈر کیخلاف یہ کارروائی بھاجپاکی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کے بارے میں ان کے متنازعہ بیان پر کی گئی۔ ...

پنجاب میں کسانوں کی تحریک جاری، پٹریوں پر احتجاج کے سبب کئی ٹرینیں متاثر

  پنجاب میں کسانوں کی تحریک جاری ہے اور بدھ کو کسان ریاست کے شمبھو ریلوے اسٹیشن پر ریلوے ٹریک پر بیٹھ گئے، جس سے کم از کم 35 ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ خیال رہے کہ کسانوں نے 13 فروری سے مرکز کی جانب سے کم از کم امدادی قیمت سمیت دیگر مطالبات پر شمبھو کے نزدیک بین ریاستی سرحد پر ...

لوک سبھا انتخاب 2024: پہلے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر ختم، 19 اپریل کو 102 سیٹوں کے لیے ڈالا جائے گا ووٹ

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران ریلیوں اور روڈ شو میں مصروف ہیں۔ اس درمیان آج شام 6 بجے پہلے مرحلہ کے لیے انتخابی تشہیر کا عمل رک گیا۔ پہلے مرحلہ میں 21 ریاستوں و مرکز کے زیر انتظام خطوں کی 102 سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے جسے بہت اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ ...

بیلٹ پیپر پر واپسی کے بہت سے نقصانات ہیں، ای وی ایم مشین پر سپریم کورٹ میں سماعت

انتخابات میں ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے استعمال کو لے کر جاری بحثوں کے درمیان سپریم کورٹ نے منگل کو کہا کہ بیلٹ پیپر پر واپس آنے کے بہت سے نقصانات ہیں۔ سپریم کورٹ میں جسٹس سنجیو کھنہ نے پرشانت بھوشن سے پوچھا جو ای وی ایم کو ہٹانے کی درخواست کے حق میں اپنا موقف پیش کر رہے ...

گمراہ کن اشتہار معاملہ: بابا رام دیو عوامی طور پر معافی مانگنے کے لیے راضی، سپریم کورٹ نے ایک ہفتہ کا دیا وقت

پتنجلی کے گمراہ کن اشتہار معاملے میں بابا رام دیو اور کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر بالاکرشن نے عوامی طور پر معافی مانگنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ منگل کے روز سپریم کورٹ میں ہوئی سماعت کے دوران ان کے وکیل نے یہ بات سامنے رکھی۔ سپریم کورٹ نے بابا رام دیو اور بالاکرشن کو عوامی طور پر ...

بی جے پی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ کیا، وزیر اعظم بدعنوانی کے چیمپین ہیں! راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو بدعنوانی کا چیمپین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بھتہ خوری کی اور دنیا کا سب سے بڑا گھوٹالہ انجام دیا۔ راہل گاندھی نے سوال کیا کہ اگر ...