کیا یہودی عبادت گاہ پر حملہ پائپ بم واقعات وسط مدتی انتخابات پر اثر انداز ہوں گے؟

Source: S.O. News Service | By S O News | Published on 31st October 2018, 10:59 AM | عالمی خبریں |

واشنگٹن ،30؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) گذشتہ ہفتے کے دوران امریکہ میں دو ایسے واقعات ہوئے ہیں جنہوں نے بہت سے لوگوں کو شدید حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ ہفتے کے روز امریکی ریاست پینسلوانیا کے شہر پٹس برگ میں ایک 46 سالہ سفید فام شخص رابرٹ بوئرز نے یہود مخالف نعرے لگاتے ہوئے سناگاگ میں داخل ہو کر وہاں یہودی مذہبی تہوار شبت کے سلسلے میں منعقدہ سروس پر گولیاں چلا دیں اور 11 افراد کو ہلاک اور چھ کو زخمی کر دیا۔ ہلاک ہونے والے بیشتر افراد بزرگ اور معذور تھے۔اس سے پہلے سابق صدر اوباما، سابق نائب صدر جوزف بائیڈن اور سابق سیکٹری آف سٹیٹ ہلری کلنٹن سمیت متعدد شخصیات کو ڈاک کے ذریعے پائپ بم بھجوائے گئے۔ ان پائپ بموں کو راستے میں روک لیا گیا اور یہ مذکورہ شخصیات تک نہ پہنچ پائے۔ان دونوں واقعات سے ایک طویل بحث کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور بہت سے افراد کا کہنا ہے کہ اْن کیلئے امریکہ میں ایسا ہونا ناقابل یقین ہے۔ صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں ان دونوں واقعات کی ذمہ داری امریکی میڈیا پر ڈال دی ہے جس نے بقول اْن کے امریکہ میں نفرت اور غصے کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ کے مخالفین کا کہنا ہے کہ امریکی معاشرے میں حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی گہری تقسیم کی وجہ صدر ٹرمپ خود ہیں اور یہ سب مخالف سیاست جماعت ڈیموکریٹک پارٹی، تارکین وطن اور اْن کی پالیسیوں کے مخالف دیگر لوگوں کے خلاف اْن کے زہریلے بیانات کا نتیجہ ہے۔صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں لکھاکہ ہمارے ملک میں بہت زیادہ غصہ پایا جاتا ہے اور ایسا بڑی حد تک میڈیا کی غلط اور فراڈ پر مبنی رپورٹنگ کی وجہ سے ہوا ہے۔ جعلی خبریں والا یہ میڈیا عوام کا دشمن ہے اور اسے ہر صورت اپنی مخالفت اور غلط رپورٹنگ بند کرنا ہو گی۔ ایسا کرنے سے غصے کی آگ پر قابو پایا جا سکے گا اور تمام لوگوں کو امن اور ہم آہنگی کے ساتھ اکٹھا کیا جا سکے گا۔ جعلی خبروں کو ہر صورت بند کرنا ہو گا۔ اس سے کچھ دیر پہلے اتوار کے روز صدر ٹرمپ نے ایک اور ٹویٹ میں کہا تھا، ’’جعلی خبروں نے ہمارے ملک میں جاری نفرت اور تقسیم کیلئے رپبلکن پارٹی، قدامت پسندوں اور مجھے الزام دینے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ دراصل ایسا جعلی اور بے ایمانی پر مبنی رپورٹنگ کے باعث ہوا ہے جس سے اس قدر مسائل پیدا ہوئے ہیں کہ میڈیا والے سوچ بھی نہیں سکتے۔‘‘ امریکی ریڈیو اور ٹیلی ویڑن شوز کے متعدد قدامت پسند مبصرین کا کہنا ہے کہ میڈیا کی یہ مہم صدر ٹرمپ کے مخالفین کی طرف سے شروع کی گئی ہے تاکہ 6 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں رپبلکن پارٹی کی اکثریت کو زائل کیا جا سکے۔تاہم جمعہ کے روز وفاقی تحقیقاتی اہلکاروں نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو پائپ بم بھیجنے کے الزام میں ٹرمپ کے ایک حامی کو گرفتار کیا۔ جن شخصیات کو یہ پائپ بم بھیجے گئے وہ کسی نہ کسی طور صدر ٹرمپ کے یا تو مخالف رہے ہیں یا مستقبل میں اْن کے مقابلے پر آ سکتے ہیں۔ سابق نائب صدر جو بائیڈن کے بارے میں بعض حلقے اشارہ دے رہے ہیں کہ وہ 2020 میں ہونے والے آئندہ صدارتی انتخاب میں صدر ٹرمپ کے مخالف اْمیدوار ہو سکتے ہیں جبکہ سابق وزیر خارجہ ہلری کلنٹن 2016 میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ٹرمپ کی مخالف اْمیدوار تھیں۔تحقیقاتی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پائپ بم بھیجنے والا مبینہ ملزم ایک وین میں رہتا تھا جس کی کھڑکیوں پر ٹرمپ کے بڑے سائز کے سٹکر اور ڈیموکریٹک پارٹی کے راہنماؤں کی مسخ شدہ تصاویر آویزاں تھیں۔صدر ٹرمپ نے ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے اس انفرادی واقعہ کو خود اْن کے اوررپبلکن پارٹی کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اس تمام صورت حال کے 6 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ کانگریس میں اس وقت رپبلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ان وسط مدتی انتخابات میں ڈیوکریٹک پارٹی چند اضافی سیٹیں جیتنے میں کامیاب ہو گئی تو کانگریس میں دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کا توازن یکسر تبدیل ہو کر رہ جائے گا جو یقیناً صدر ٹرمپ اور رپبلکن پارٹی کیلئے کوئی نیک شگون نہیں ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔

ایران کا اسرائیلی جہاز پر قبضہ، جہازپر سوار 17 ہندوستانیوں کی رِہائی کے لئےکوششیں تیز؛ کیا ایران اپنے قونصل خانے پر حملے کا بدلہ لے گا ؟

 اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی  اور  آبنائے ہرمز کے قریب  اسرائیل پر ایرانی حملے کے بڑھتے  خدشات کے درمیان ایرانی فوج  نے  ایک اسرائیلی کارگو  جہاز پر قبضہ کر لیا  جس میں 17 ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق  معاملہ سامنے آنے کے بعد  حکومت ہند ...