مقتول الیاس کی بیوی کاپیغام پولیس کے نام۔ انصاف نہیں ملا تو جان دے دوں گی!
منگلورو16؍جنوری (ایس او نیوز) حال ہی میں قتل کیے گئے بدنام زمانہ ٹارگٹ گروپ کے گُرگے الیا س کی بیوی فرزانہ نے پولیس کے نام کھلے خط میں اپنے لئے انصاف دلانے کا مطالبہ کیاہے اور کہا ہے کہ اگر الیاس کے قاتلوں کو گرفتار کرکے اس کے ساتھ انصاف نہیں کیاگیا تو وہ اپنی جان دیدے گی۔
خیال رہے کہ الیاس ایک جرائم پیشہ شخص تھا اورقتل سے تین روز قبل ہی وہ جیل سے رہاہواتھا۔ لیکن اس کے دشمنوں نے منصوبہ بند طریقے سے مہمانوں کے شکل میں اس کے گھر میں داخل ہوکرسینے میں چھرا گھونپتے ہوئے نیند کی حالت میں اس کا قتل کردیا تھا۔
ہاتھ سے لکھے گئے فرزانہ کے اس مبینہ خط کی نقل میڈیا میں وائرل ہوگئی ہے۔جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل سے چند دن قبل الیاس نے اس کے سامنے عہد کیا تھاکہّ آئندہ و ہ کبھی بھی کسی قسم کے جھگڑے اور تنازعے میں ملوث نہیں ہوگا۔لیکن اس گینگ کے دوسرے گُرگے داؤد نے الیاس کے اس موقف کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی دوستی قربان کرسکتا ہے مگر الیاس کی تائید نہیں کرسکتا۔
فرزانہ کے خط میں مزید یہ بھی لکھا ہے کہ ’’داؤد نے الیاس کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھاکہ اسے کسی کا خوف نہیں ہے کیونکہ عثمان کلّاپو، رحیم منچیلا، صفوان جیسے گینگ کے کئی دوسرے گُرگوں کی تائید اسے حاصل ہے۔چونکہ میرے شوہر کے ساتھی کی طرف سے دی گئی دھمکی پر عمل ہوگیا ہے اور الیاس کو قتل کیا جاچکا ہے اس لیے میں چاہتی ہوں کہ مجھے انصاف ملے۔اور قاتلوں کو سخت سے سخت سزادلوائی جائے ۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر میں پھانسی لگا کر خود کشی کرلوں گی۔ اور اس کے لئے آپ لوگ ہی ذمہ دار رہوگے۔‘‘