بچوں کو اغوا کرنے کا غلط الزام؛ وہاٹس ایپ کے غلط میسج کے بعد بیدر میں مسلم انجینئر کا قتل؛ وہاٹس ایپ گروپ ایڈمن اور میسج پوسٹ کرنے والے گرفتار

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 16th July 2018, 10:25 AM | ریاستی خبریں |

بیدر16؍جولائی(ایس او نیوز) بیدر میں موب لنچنگ کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں بچہ چوری کا الزام لگا کر ایک سافٹ ویئر انجینئر کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ بھیڑ کی طرف سے کئے گئے حملہ میں قطر ی شہری سمیت تین دیگر نوجوان بھی زخمی ہو ئے ہیں۔

مہلوک انجینئر کی شناخت حیدرآباد کے ایراکنٹا کے رہائشی محمد اعظم کے طور پر ہوئی ہے جو معروف امریکی کمپنی گوگل میں سافٹ ویئر انجینئر کے طور پر کام کرتا تھا۔32سالہ محمد اعظم شادی شدہ تھا اور اس کا ایک 2سال کا بیٹا بھی ہے۔ملک میں پہلے گؤ رکشا کے نام پر موب لنچنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا اور مسلمانوں اور دلتوں کو نشانہ بنایا گیا اور اب بچہ چوری کی افواہ پھیلا کر پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

گزشتہ دنوں مہاراشٹر، گجرات، تریپورہ وغیرہ کی کئی ریاستوں سے لگاتار موب لنچنگ کے واقعات رونما ہوئے۔ تریپورہ میں تو قاتل بھیڑ نے تھانہ میں گھس کر مظفر نگر کے رہائشی زاہد کا قتل کر دیا تھا۔ڈیکن کرونیکل کے مطابق محمد اعظم کے اہل خانہ نے بتایا کہ اعظم اور اس کے تین دوست قطر ی شہری سلام عید الکبیسی ، نور محمد اور سلمان بیدر کے مرکی گاؤں میں ایک دوست کے گھر کسی تقریب میں شامل ہونے کے لئے گئے تھے۔حملہ میں زخمی قطری شہری سلام عید الکبیسی محمد اعظم کے بھائی کا کہنا ہے ’’ سلام قطر سے چاکلیٹ لایا تھا جنہیں اس نے گاؤں کے اسکول سے باہر آتے بچوں کو دینا چاہا۔ اچانک ان کی طرف گاؤں والوں کا ایک گروہ لپکا۔ چاروں دوست وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ لیکن انہیں اگلے گاؤں میں بھیڑ نے گھیر لیا اور حملہ کر دیا۔‘‘کچھ نوجوانوں نے یہ واقعہ موبائل میں ریکارڈ کر لیا اور واٹس ایپ پر شیئر کردیا، بچہ چوری کی افواہ پھیلنے کے بعد گاؤں والوں نے محمد اعظم اور دیگر دوستوں کو روک لیا۔ آدھے گھنٹے کے اندر تقریباً2000لوگ جمع ہو گئے اور لاٹھی، ڈنڈوں سے انہیں پیٹنا شروع کر دیا۔

بیدر میں بھیڑ کے حملہ میں جان گنوا دینے والے محمد اعظم کے اہل خانہ کا مطالبہ ہے کہ تلنگانہ حکومت کو اس معاملہ میں مداخلت کرنی چاہئے اور کرناٹک حکومت سے معاملہ اپنے ہاتھ میں لے لینا چاہئے۔خاندان کے ایک فرد نے کہا ’’ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعہ میں ملوث قصورواروں کو سزا ملنی چاہئے۔‘‘ ایک دوسرے فرد کا کہنا ہے کہ اعظم کی تین سال قبل شادی ہوئی تھی اس کا2سال کا بچہ ہے۔ خاندان گہرے صدمے میں ہے۔ محمد اعظم کے جسد خاکی کو ہفتہ یعنی 14 جولائی کی شام لایا گیا اور اس کی تدفین کر دی گئی۔محمد اعظم کے والد محمد عثمان نے کہا ’’وہ بیدر میں رہنے والے اپنے ایک دوست بشیر خان کے گھر تقریب میں شرکت کے لئے گیا تھا۔ سبھی نے ایک کار بک کی تھی اور یہاں سے صبح10بجے بیدر کے لئے نکل گئے تھے۔‘‘قطری شہری سلام کی اہلیہ نے کہا، ’’میرے شوہر قطر میں رہتے ہیں ، وہ جمعہ کو بیدر اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے گئے تھے۔ راستہ میں انہوں نے اسکول کے باہر بچوں کو دیکھا تو انہیں چاکلیٹ دینے لگے۔ انہیں ہندوستان میں چل رہی موب لنچنگ کا کچھ پتہ نہیں تھا۔ چاکلیٹ دینے کا گاؤں والوں نے غلط مطلب نکال لیا اور ان پر حملہ کر دیا۔ ‘‘

بیدر کے ایس پی ڈی دیوراجو نے ایک انگریزی اخبارکو بتایا کہ پولیس نے لوگوں کو بہت سمجھانے کی کوشش کی کہ یہ بچہ چور نہیں ہیں لیکن گاؤں والے نہیں مانے۔ نوجوانوں کو بچانے کے دوران ایک انسپکٹر اور ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس کے مطابق موب لنچنگ کے الزام میں32لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ واٹس ایپ پر بچہ چوری کی افواہ پھیلانے والے ایڈمن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ مئی سے لے کر جولائی2018تک ہندوستان کے مختلف حصوں سے موب لنچنگ کے14واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ حالانکہ قومی جرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) اس طرح کے واقعات کو علاحدہ سے درج نہیں کرتا، لیکن بھیڑ کی طرف سے قتل اور قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔