وسندھرا پر کیا تھا متنازعہ تبصرہ، شرد یادو نے ظاہر کیا افسوس
جے پور :8/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) راجستھان کی سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی وسندھرا راجے کو لے کر سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے حال ہی میں کیے گئے متنازعہ تبصرے کے لئے افسوس ظاہر کیا ہے۔ شرد یادو نے یہ بھی کہا کہ وہ وسندھرا کو اس بارے میں خط بھی لکھیں گے۔ غور طلب ہے کہ شرد یادو اس سے پہلے بھی کئی مسائل پر متنازعہ بیان دے کر تنقید کا شکار ہوتے رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ میں نے ان (وسندھرا راجے کا) بیان دیکھا۔ میرے ان کے ساتھ کافی پرانے خاندانی تعلقات ہیں۔ اگر میرے الفاظ سے ان کو صدمہ ہوا ہے تو میں اپنے بیان کے لئے افسوس کرتا ہوں۔ میں انہیں اسے لے کر خط بھی لکھوں گا ۔ واضح ہو کہ شرد یادو نے الور کی ایک نشست پر کانگریس اتحاد کے ایک امیدوار کی حمایت میں منعقد اجتماع کے دوران وسندھرا راجے کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ شرد یادو نے کہا تھا کہ وسندھرا کو آرام دو بہت تھک گئی ہیں، بہت موٹی ہو گئی ہیں۔ سی ایم وسندھرا پر شردیادو کے اس تبصرہ کا ویڈیو وائرل ہوگیا تھا ، جس کے بعد اس کی تنقید شروع ہو گئی۔ غور طلب ہے کہ شرد یادو اس سے پہلے بھی کئی مسائل پر متنازعہ بیان دے کر تنقید کا شکار ہوتے رہے ہیں۔ اس سے پہلے 24 جنوری 2017 کو پٹنہ کی ایک ریلی میں شرد یادو نے کہا کہ ووٹ کی عزت بیٹی کی عزت سے بڑی ہوتی ہے۔ اگرچہ اس پر تنازعہ ہونے کے بعد یادو نے اپنی صفائی میں کہا کہ ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ جیسے بیٹی سے محبت کرتے ہیں، ویسا ہی محبت ووٹ سے بھی کرنا چاہئے۔