کشمیر میں پتنجلی فیکٹری لگانا چاہتے ہیں بابا رام دیو
نئی دہلی:14/اگست(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا) یوگا گرو رام دیو نے کہا ہے کہ ان کی کمپنی جموں و کشمیر میں اپنی ایک یونٹ نصب کرنے کے لئے زمین لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ملک میں دہشت گردی کے بارے میں اپنی بات رکھتے ہوئے رام دیو نے کہا کہ جو بھی یوگا کے فن میں ماہر ہو جاتا ہے وہ کبھی دہشت گرد نہیں بن سکتا۔ یوگا پر مہارت حاصل کرنے والا کوئی بھی ایک شخص دہشت گرد نہیں بنا۔وادی کشمیر میں تشدد کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بچوں کو تمام مذاہب کے بارے میں اچھا سبق پڑھایا جانا چاہئے کیونکہ اس سے مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہوگی۔رام دیو نے کہا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں 150 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے عمل میں ہے اور اس سے کشمیری نوجوانوں کو نوکری ملے گی۔