سبریمالا میں زائرین کاہجوم امڈا، ہڑتال سے عام زندگی متاثر
پمبا /سنن دھانم:17/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ملیالی تقویم کے مقدس مہینے ’ورشچکم‘کے پہلے دن ہفتہ کو ہزاروں زائرین نے آج یہاں بھگوان ایپا کے درشن کئے۔ہندو ایکیاویدی کی خاتون لیڈر کو احتیاطی طور پر حراست میں لئے جانے کے خلاف بلائی گئی 12گھنٹے کی ہڑتال کے باوجود مندر کے صبح تین بجے کھلنے کے بعد سے بچوں سمیت بڑی تعداد میں زائرین قطار میں لگے دکھائی دئے۔مندر میں حیض عمر کی خواتین کی رسائی کی اجازت دینے پر جاری تعطل کے درمیان دو ماہ طویل سالانہ زیارت کے لئے جمعہ کی شام کو دوبارہ مندر کھلا۔ پجاری واسدیون نمپوتھری کی نگرانی میں آج صبح باقاعدہ پوجا شروع ہوئی۔کیرلہ ریاست ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذرائع نے بتایا کہ سخت سیکورٹی کے درمیان کارپوریشن کی بسیں زائرین کو نلاککل سے پبا لا ئی اور کوئی بھی بس سروس نہیں روکی گئی،دکان اور ہوٹل مندروں کے احاطے کے قریب کھلے۔تاہم ہڑتال کی وجہ سے ریاست کے دیگر حصوں میں عام زندگی متاثر ہوئی،بہت سے علاقوں میں بسوں اور آٹو رکشے سڑکوں سے غائب ہیں،کے ایس آرٹی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ٹومن جے ٹی نے کہا کہ کارپوریشن زائرین کو مندر تک پہنچنے میں مدد کرنے کے لئے پولیس کی حفاظت کے ساتھ سبریمالا میں بسیں چلا رہا ہے۔