پلوامہ حملہ: اب آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے مودی حکومت کو گھیرا، کہا، قومی سلامتی خطرے میں ہے
حیدرآباد، 20 فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پلوامہ دہشت گردانہ حملے کو لے کر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو نے مرکز کی مودی حکومت پر نشانہ لگایا ہے۔
نائیڈو نے کہا کہ ان کے (عمران) بیان سے کئی طرح کی شکوک پیدا ہوئے ہیں۔وزیراعلی نے یہ بھی کہا کہ حکمراں پارٹی کی نااہلی کی وجہ سے قومی سلامتی خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر اپنی حرکتوں سے ملک کو نیچا دکھا رہے ہیں۔بتا دیں کہ نائیڈو سے پہلے اپوزیشن کے کئی لیڈر اس معاملے پر مرکزی حکومت کو گھیر چکے ہیں۔
پلوامہ دہشت گردانہ حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نائیڈو نے کہاکہ ہم صرف ذاتی مفاد کے لئے ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنا برداشت نہیں کریں گے،ہم سیاسی فائدے کے لئے فوج سے کھلواڑ بھی برداشت نہیں کریں گے،دہشت گردانہ حملوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ بتا دیں کہ عمران خان نے منگل کو ایک بیان میں پلوامہ حملے میں پاکستان کے ہاتھ کو صاف طور پر مسترد کیا۔
عمران نے کہا کہ ہندوستان نے بغیر کسی ثبوت کے اسلام آباد پر الزام لگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان پاکستان پر فوجی کارروائی کرے گا تو وہ بھی ایسی ہی جوابی کرے گا کہ جنگ روکنا مشکل ہو جائے گا۔اپنے کچھ دیر کے خطاب میں عمران نے دہشت گردی کارڈ کھیلتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر راگ الاپا۔اس سے پہلے پلوامہ معاملے کو لے کر مرکز پر نشانہ لگاتے ہوئے سماج وادی پارٹی لیڈر ابو اعظمی نے کہا تھا کہ یہ حکومت الیکشن جیتنے کے لئے کچھ بھی کر سکتی ہے۔وہیں مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھی پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے وقت پر سوال کھڑے کرتے ہوئے جاننا چاہا تھا کہ کیا حکومت ایسے میں جنگ کرنا چاہتی ہے جبکہ لوک سبھا انتخابات کی آہٹ سنائی دے رہی ہے۔