بھٹکل میں کل بدھ کو ہوگا تنطیم میڈیا ورکشاپ کا عظیم الشان اختتامی اجلاس؛ بنگلور اور حیدرآباد سے میڈیا ماہرین کریں گے خطاب
بھٹکل 16/اکتوبر (ایس او نیوز) مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے پانچ روزہ ورکشاپ کا اختتامی اجلاس کل بدھ 17/اکتوبر کو منعقد ہوگا جس میں سنئیر جرنلسٹ اور کرناٹکا کے سابق وزیراعلیٰ سدرامیا کے خصوصی میڈیا مشیر مسٹر دنیش امین مٹّو مہمان خصوصی کے طور پر تشریف فرما ہوں گے۔
اختتامی اجلاس میں حیدرآباد سے شائع ہونے والے معروف اُردو اخبار سیاست کے مینجنگ ایڈیٹر مسٹر ظہیر الدین علی خان اور بھٹکل جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی کا کلیدی خطاب ہوگا۔ اعزازی مہمان کے طور پردبئی کے مشہور و معروف انگریزی روزنامہ خلیج ٹائمز اور گلف نیوز کے سابق ابو ظبی چیف بیورو مسٹر سید قمر حسن بھی خطاب کریں گے۔ تنظیم کے صدر ایڈوکیٹ محمد مزمل قاضیا پروگرام کی صدارت کریں گے۔
پانچ روزہ کامیاب ورکشاپ کا آج چوتھا دن تھا جس میں کم و بیش 40 طلبا شریک رہے اور ملک کی اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں کے پروفیسرس، اور بڑے بڑے اخبارات کے صحافیوں کے ذریعے مکمل ٹریننگ اور مفید جانکاری حاصل کی۔ کل پانچویں روز اس ورکشاپ کے تین آخری سیشن ہوں گے، جس کے بعد اُسی شب رات 8:15 بجے (عشا نماز کے فوری بعد) بھٹکل بندررود۔سکینڈ کراس پر واقع المدینہ ہال میں اختتامی اجلاس منعقد ہوگا۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری اور میڈیا واچ کمیٹی کے کنوینر آفتاب حُسین کولا نے تمام احباب سے ورکشاپ کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی ہے۔