یڈیورپا پر اپر بھدرا پراجکٹ میں چار کروڑ کی رشوت لینے کا الزام

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 7th April 2018, 5:13 PM | ریاستی خبریں |

بنگلورو، 7؍مارچ(ایس او نیوز) کانگریس رکن کونسل وی ایس اگرپا نے ریاستی بی جے پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ یڈیورپا پر اپر بھدرا پراجکٹ کے سلسلے میں چار کروڑ روپیوں کی رشوت لینے کا الزام لگایا اور کہاکہ یڈیورپا کی اس مبینہ رشوت ستانی کا انکشاف محکمۂ انکم ٹیکس کی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کیس میں یڈیورپا کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہئے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اگرپا نے کہاکہ اپر بھدرا پراجکٹ کا کام آبپاشی کارپوریشن کے ذریعے 2007-08کے دوران کنٹراکٹ کی بنیاد پر شروع کیاگیا تھا۔ یڈیورپا کی صدارت میں آبپاشی کارپوریشن نے اپر بھدرا پراجکٹ کا ٹھیکہ 1033کروڑ کی لاگت پر مرڈیشور کارپوریشن کو دیاتھا۔ اس کمپنی کی ایک شریک آر این ایس ایل انفرااسٹرکچر کی طرف سے یڈیورپا کو ایک کروڑ روپیوں کی رشوت دی گئی ہے۔ 2009-10 کے دوران مزید ایک کروڑ روپے دئے گئے اور 2011-12میں دو کروڑ روپے ادا کئے گئے ، انکم ٹیکس کے دستاویزات میں یہ بات ظاہر ہوچکی ہے۔اس موقع پر اگرپا نے یہ دستاویزات بھی پیش کئے۔انہوں نے کہاکہ یڈیورپا نے آر این ایس ایل کمپنی سے تین سال کی مدت میں چار کروڑ روپے نقد حاصل کئے۔ محکمۂ انکم ٹیکس کی رپورٹ میں اب تک یہ واضح طور پر ظاہر نہیں کیا گیاتھا۔ تاہم معتبر اطلاع کی بنیاد پر انکم ٹیکس افسران نے چھاپے مارکر جب کنٹراکٹ کے متعلق دستاویزات کا جائزہ لینے پر مجبور ہوئے تو اس وقت یہ معاملہ سامنے آیا۔ محکمۂ انکم ٹیکس نے اس سلسلے میں یڈیورپا پر دو کروڑ روپیوں کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بنگلور میں بی جے پی کے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے سدرامیا کو دس فیصد حکومت قرار دیاتھا تو اب یڈیورپا کی اس حرکت کے بعد وہ خود واضح کریں کہ ریاست میں یڈیورپا حکومت کتنے فیصد پر کام کررہی تھی؟۔ انہوں نے کہاکہ یڈیورپا پر رشوت ستانی کا الزام مرکزی حکومت کے ایک ادارے نے لگایا ہے ، اگر یہ الزام غلط ہے تو متعلقہ انکم ٹیکس افسران پر جھوٹے رپورٹ تیار کرنے کے لئے کارروائی کی جائے اور اگر الزام صحیح ہے تو یڈیورپاکو جوابدہ بنایا جائے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا ، کے پی سی سی میڈیا سیل کے سربراہ پروفیسر رادھا کرشنا اور دیگر موجود تھے۔

ایک نظر اس پر بھی

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی: سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا

جنتا دل (ایس) (جے ڈی ایس) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے منگل کو واضح کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھلے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو لوک سبھا الیکشن 2024میں 400 سیٹیں مل جائیں آئین میں کوئی ترمیم نہیں ہو گی۔

بی جے پی نے کانگریس ایم ایل اے کو 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی؛ سدارامیا کا الزام

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام لگایا کہ وہ کانگریس کے اراکین اسمبلی کو وفاداری تبدیل کرنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کرکے 'آپریشن لوٹس' کے ذریعے انکی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔