امریکی وزیر دفاع قطر کے دورے پر
دوحہ23اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا کے وزیر دفاع جیمز میٹِس خلیجی ریاست قطر کے دورے پر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے مختلف ملکوں میں سلامتی کی مخدوش صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ میٹِس نے واضح کیا کہ اُن کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے اپنے قطری ہم منصب خالد العطیہ سے بھی ملاقات کی ہے۔ قطر کی ریاست امریکا کے لیے انتہائی اسٹرٹیجیک اہمیت کی حامل ہے۔ اسی خلیجی ریاست میں امریکی سینٹ کام کا العُدید ایئر بیس ہے جو مشرق وسطیٰ میں سب سے بڑا امریکی فوجی مرکز ہے اور یہاں دس ہزار امریکی فوجی متعین ہیں۔