مینگلور29/ستمبر (ایس او نیوز) یہاں کدرولی جنکشن پر مینگلور کی ایک مسجد کے خطیب پر ایک گروپ کے اومنی کار پر آکر حملہ کرکے فرار ہونے کی واردات پیش آئی ہے، جس پر مقامی مسلمانوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق کُدرولی ٹیپو سلطان سلفی مسجد کے خطیب مولانا شکیب سلیم عُمری (32) قریبی میڈیکل دکان سے دوائیں لے کر اپنی بائک کے ذریعے کدرولی جنکشن پہنچے تھے کہ اچانک ایک کار ان کے قریب آکر رُکی ، جس میں سے کچھ لوگوں نے باہر نکل کر مولانا پر حملہ کردیا۔
کنڑا اخبار وارتھا بھارتی کی رپورٹ کے مطابق مولانا پر حملہ کرتے ہی قریب میں موجود کچھ لوگ مولانا کی مدد کے لئے پہنچ گئے، اور کار والوں کو پکڑنے کی کوشش کی، اس کوشش میں کار کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، مگر وہ فرار ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے کارکا کافی دیر تک پیچھا بھی کیا ۔ کار کا نمبر پولس کو دے دیا گیا ہے، بتایا گیا ہے کہ اومنی کار اپیننگڈی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اومنی پر چار لوگ سوار تھے۔ اس بات کا پتہ نہیں چل پایا ہے کہ آخر کار پر آکر مولانا پر حملہ کرنے کے پیچھے کیا مقصد کارفرما تھا ۔
مقامی لوگوں نے اس تعلق سے مینگلور کے بندر پولس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا ہے۔ پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔