سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنا امریکی غلطی ہے: ایرانی وزیر خارجہ
تہران 6جنوری ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنا ایک امریکی غلطی ہے۔ سلامتی کونسل کے پانچ جنوری کو طلب کیے گئے ہنگامی اجلاس کو ایران میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں امریکی درخواست پر طلب کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے لیے امریکی سفیر نِکی ہیلی نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں مظاہرے، شام کی طرز کے ایک مکمل تنازعے میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔ امریکا نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست گزشتہ روز دی تھی، تاہم روس اور دیگر رکن ریاستیں اجلاس طلب کرنے کی وجوہات سے مطمئن نہیں تھیں۔