ریاستی مخلوط حکومت مستحکم ہے،اپنی میعاد مکمل کرے گی،حکومت لوگوں کا مستقبل سنوارنے کی پابند؛ وزیراعلیٰ کمارسوامی کے ہاتھوں دوروزہ روزگار میلہ کاکامیاب انعقاد

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 1st October 2018, 11:00 AM | ریاستی خبریں |

بنگلورویکم اکتوبر  (ایس او نیوز؍ایجنسی) ریاستی وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج اس بات کا دوبارہ اعلان کیا کہ ریاست میں ان کی قیادت والی کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت مستحکم ہے اوریہ حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی ان کی حکومت کو کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے ۔ شہرکے نیشنل کالج گراؤنڈ میں منعقدہ دوروزہ روزگار میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ان کی حکومت کا اہم مقصد ریاست کے لوگوں کا مستقبل بہتر بنانا ہے ۔ اپوزیشن بی جے پی کا نام لئے بغیر انہوں نے کہاکہ حکومت کس طرح چلانا ہے ہمیں اچھی طرح آتا ہے اور ہم چلارہے ہیں ۔ ریاستی حکومت کے زیر اہتمام منعقدہ اس روزگار میلہ میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخلوط حکومت میں چند سینئر لیڈرس بھی ہیں ۔ان کی رہنمائی میں یہ حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان کی حکومت کو کسی طرح کا خطرہ نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ کا یہ بیان اس وقت منظرعام پر آیا ہے جب یہ قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ مخلوط حکومت میں ساجھیدار جماعتوں کے چند اراکین اسمبلی چند معاملات پر مخلوط حکومت سے ناراض ہوکر بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔اپو زیشن بی جے پی نے بھی اس معاملہ کو کافی طول دیا اور آپریشن کنول کی ناکام کوشش کرتے ہوئے مخلوط حکومت کو گرانے کی ہرممکن کوشش کی ۔عین وقت پر سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے بی جے پی کی اس کوشش کو ناکام بنادیا جس کے نتیجے میں بی جے پی کو منہ کی کھانی پڑی۔ کل شہر کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات میں بھی بی جے پی آپریشن کنول کا استعمال کرکے آزاد کارپوریٹروں کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کی اور بی بی ایم پی پر اقتدار حاصل کرنا چاہا ۔ لیکن اس میں بھی بی جے پی بری طرح ناکام رہی ۔ میئر اورڈپٹی میئر کے لئے ہونے والے انتخاب میں شکست کے خوف سے انتخابی عمل سے صرف چند منٹ قبل بی جے پی کے کارپوریٹروں نے آر۔اشوک کی قیادت میں کونسل سے واک آؤٹ کردیا تھا۔ کمارسوامی نے کہاکہ ہوسکتا ہے کہ حکومت کے درمیان مسائل ہوں لیکن چند لوگ اس کی آڑ میں یہ محسوس کرنے لگے ہیں کہ ان کی قیادت والی مخلوط حکومت اگلے 24 گھنٹوں میں گرجائے گی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ حکومت پر لگائے جارہے اس طرح کے الزامات اور خدشات سے حکومت مزید مستحکم ہورہی ہے ۔اورریاست کی مجموعی ترقی کے لئے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی پابند ہے ۔ اسی کے ایک حصہ کے طور پر آج یہاں روزگار میلہ منعقد کیا گیا ہے ۔آئندہ بھی مختلف بڑے شہروں میں حکومت اس طرح کے روزگار میلوں کا انعقاد کرے گی۔

حکومت صحیح سمت میں جارہی ہے:وزیراعلیٰ نے کہاکہ ان کی حکومت صحیح سمت میں جارہی ہے اور عوامی مفاد پروگراموں کو نافذ کرنے میں رواں دواں ہے ۔اس طرح ریاست میں صنعتوں کی ترقی کو یقینی بنانے مختلف اقدامات بھی کررہی ہے ۔ریاستی حکومت کے تحت چل رہے رہائشی اسکولوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اکثر اقامتی اسکولس کرایہ کی عمارتوں میں چل رہے ہیں ۔حال ہی میں اس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت نے 4500 کروڑ روپئے کی لاگت سے رہائشی اسکولوں کیلئے ذاتی عمارتیں تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جہاں طلبا کے لئے بہترین بنیادی سہولتیں اورمعیاری تعلیم کے لئے سازگار ماحول بھی ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی مفاد پرست یہ افواہ پھیلارہے ہیں کہ مخلوط حکومت کے کسانوں کا قرضہ معاف کردینے سے ترقیاتی کام متاثرہورہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ قرضہ معافی ایک الگ معاملہ ہے اورترقی الگ ۔اس سے ترقیاتی کام متاثرہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ریاستی حکومت کے دوروپئے کم کرنے کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عام لوگوں پر بوجھ کم کرنے کے مقصد سے ان کی حکومت نے اتنا بڑا قدم اٹھایا ہے ۔

فرض شناس افسروں کی ستائش:ریاست میں خدمات انجام دے رہے فرض شناس اور محنتی افسروں کے کام وکاج کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایسے افسروں کی ذات پات نہیں دیکھی جائے گی بلکہ ان کی حکومت ایسے افسروں کی قدرکرتی ہے اور انہیں اہم اور ذمہ دار عہدوں پر تعینات کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کالج کے بانی پروفیسر ایچ نرسمیا ان کے گرو ہیں ۔یہاں اس تقریب میں شرکت سے قبل انہوں نے ان کی تصویر پر گل چڑھاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے اصولوں پر عمل کرنے پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں ۔ 

موبائل بینک:کمارسوامی نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ریاست بھر میں موبائل بینک شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ جس کے ذریعہ چھوٹے تاجروں کو روزانہ ان کی تجارت کے لئے ایک ہزار روپئے تا دس ہزارروپئے بلاسودی قرضے دئے جائیں گے ۔ریاست کے اکثر مارکیٹوں میں سرمایہ کار ایک سوروپئے پر دس روپئے سود وصول کرکے غریبوں کا خون چوس رہے ہیں ۔اس لعنت سے غریبوں کو آزاد کرایا جائے گا۔ حکومت کے ان اچھے کاموں کی تشہیرکرنے کی انہوں نے میڈیا سے اپیل کی جہاں کہیں حکومت غلطی کرتی ہے اس کی نشاندہی بھی کی جائے نہ کہ جھوٹے معاملات کی میڈیا غلط ترجمانی کرے ۔ اس تقریب میں بشمول ریاستی وزیر برائے مالگزاری آروی دیش پانڈے ، سابق وزیراعلیٰ ورکن پارلیمان ایم ویرپا موئیلی ،اراکین اسمبلی سومیاریڈی ،اُدئے گروڈا چاراور رکن کونسل شرون نے بھی شرکت کی ۔یہ دوروزہ میلہ کل بروز اتواربھی جاری رہے گا۔تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوان اس سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔

ایک نظر اس پر بھی

کانگریس کرناٹک میں لوک سبھا کی 20 سیٹں جیتے گی، وزیر اعلیٰ سدارامیا دعویٰ

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ  سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کرناٹک کی 28 میں سے 20 سیٹوں پر کامیابی کا پرچم لہرائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تئیں رائے دہندگان کا ردعمل اب تک بہت مثبت رہا ہے۔

بی جے پی کرناٹک حکومت کو دھمکی دے رہی، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کا سنگین الزام

کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے بی جے پی پر سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاستی حکومت کو دھمکی دے رہی ہے اور لوگوں میں یہ پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے کہ خراب نظم و نسق کی وجہ سے اب ریاست کی کمان گورنر کے حوالے کر دی جائے گی۔

بی جے پی کانگریس ایم ایل اے کو رقم کی پیشکش کر رہی ہے: وزیر اعلیٰ سدارامیا

کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈروں پر الزام لگایا ہے کہ وہ کانگریس کے ممبران اسمبلی کو اپنی حکومت کے قیام کے بعد رقم کی پیشکش کر کے اپنی طرف راغب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔