بھٹکل مخدوم کالونی کی لاپتہ ہونے والی گونگی خاتون کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں :پتہ دینے والے کو دس ہزار نقد انعام دینے کا اعلان
اُڈپی/بھٹکل:28/جولائی (ایس اؤنیوز) مہینہ پہلے کنداپور سے لاپتہ ہوئی بھٹکل شہر کے مخدوم کالونی کی گونگی خاتون زلیخہ (50)کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے، والدہ کی تلاش میں سرگرداں اولاد نے اب ماں کا پتہ دینے والوں کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
اپنی ماں کو ڈھونڈنے کے لئے خلیجی ملک قطر سے لوٹنے والے ان کے بیٹے عبدالرزاق نے ماں کے گمشدگی کے متعلق اُڈپی میں پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ کنداپور، اُڈپی ، منگلورو بس اسٹانڈ، ریلوے اسٹیشن اور عوامی جگہوں پر ماں زلیخہ کی تصویروالے پوسٹر اور بیانرچسپاں کئے گئے ہیں۔ ابھی تک ان کے متعلق کوئی سراغ نہیں ملا ہے، اگر کوئی ہماری ماں کے متعلق پتہ دیتاہے تو اس کو 10ہزار روپئے نقد انعام دیا جائے گا۔
23جون کو بھٹکل سے ہیماڑی میں مقیم اپنے بیٹے کے گھر جانے کے لئے خانگی ایکسپرس بس پر سوار تنہا ماں ، ہیماڑی کے بجائے کنداپور کے شاستری سرکل پر اتریں اور وہیں سے لاپتہ ہوگئی تھیں۔ چونکہ وہ گونگی ہے، اس لئے اپنا نام اور پتہ نہیں بول سکیں اور اِدھر اُدھر گھومنے کے بعد منگلورو میں آخری بار دیکھے جانے کی اطلاع ملی۔
عبدالرزاق نے بتایا کہ28جون کو منگلور و ریلوے اسٹیشن پر موجود ایک گارڈ نے انہیں کھانا وغیرہ دے کر کچھ دیکھ ریکھ کی تھی ، مگر وہ وہاں سے کہاں چلی گئیں کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ والدہ کی گمشدگی کو لے کر بھٹکل پولس تھانہ میں کیس درج کیا گیاہے، پولس کو ابھی تک کوئی جانکاری نہیں ملی ہے، اسی لئے بس اسٹانڈ اور ریلوے اسٹیشن پر ماں کی تصویر والے پوسٹرس چسپاں کئے جانے کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی ان کے متعلق جانکاری لینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
عبدالرزاق نے ماں کے تعلق سے کوئی جانکاری ہو تو 9972995084اور 9620678047پر خبر دینے کی اپیل کی ہے ۔ پریس کانفرنس میں زلیخہ کے رشتہ دار محمد رؤوف موجود تھے۔