اُڈپی میں اجنبی شخص نقلی نوٹوں سے خریداری کرکے ہوگیا، نودو گیارہ؛ تلاش شروع
اڈپی، 7؍اکتوبر (ایس او نیوز)ساستھان مچھلی مارکیٹ میں نقلی پانچ سو روپے کے نوٹوں کا استعمال کرتے ہوئے خریداری کرکے ایک اجنبی شخص نودوگیارہ ہوگیا۔ واردات آج سنیچر صبح پیش آئی تھی جبکہ نوٹ نقلی ہونے کی بات شام کو معلوم ہوئی۔
اطلاع کے مطابق ایک سفید کار میں آنے والے اجنبی شخص نے مچھلی فروش خواتین اور دیگر دکانوں سے تقریباً ایک گھنٹے تک پانچ پانچ سو روپے کے نوٹ دے کر مچھلیوں کے علاوہ کچھ دیگرچیزیں خریدیں اور ہر دکان سے چھُٹے پیسے لے کر چلاگیا۔ اس شخص کے چلے جانے کے بعد پتہ چلا کہ اس نے جتنی بھی دکانوں سے خریداری کی ہے وہاں پانچ سو روپے کے نقلی نوٹ استعمال کیے ہیں۔
اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ وہ سب نوٹ اصل پانچ سو روپے والے نوٹ کی رنگین زیراکس کاپی تھی اور اس کو اس انداز اور مہارت سے کاٹا گیا تھا کہ پہلی نظر میں ذراسابھی گمان نہیں ہورہا تھا۔خاص بات یہ ہے کہ اس شخص نے انہی دکانوں سے خریداری کی تھی جہاں پر خواتین موجود تھیں۔ اس علاقے میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے پولیس نے کچھ سراغ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے مگر بتایا گیا ہے کہفوٹیج صاف نہ ہونے کی وجہ سے اجنبی شخص کی پہچان ملنا مشکل ہے۔