کیرالہ میں ملیالم لازمی قراردئے جانے کے خلاف کرناٹکارکھشنا ویدیکے کی طرف سے 12جون کوکرناٹک بند
اڈپی،6؍جون(ایس او نیوز)کیرالہ کے اسکولوں میں ملیالم زبان لازمی قراردئے جانے کے خلاف بطور احتجاج کنڑا رکھشنا ویدیکے کی طرف سے 12جون کوکرناٹک بندمنانے کا اعلان کیا ہے۔
کے آر وی کے صدرپروین کمار شیٹی نے اخباری کانفرنس میں بتایا کہ کاسر گوڈ کا علاقہ کرناٹکا کا حصہ ہے۔ عوامی منتخب نمائندوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے اور بے عملی کی وجہ سے اس کو کیرالہ میں شامل کیا گیا ہے۔مہاجن کمیشن رپورٹ میں بھی کاسرگوڈ کو کرناٹکا حصہ مانا گیا ہے۔مگر مرکزی حکومت نے اس رپورٹ کو لاگو کرنے کی طرف توجہ نہیں دی۔لہٰذا 12جون کے مجوزہ بند کے ذریعے کرناٹکا رکھشنا ویدیکے کی طرف سے یہ مطالبہ رکھا جارہا ہے کہ مہاجن کمیشن کی سفارشات کو مزید کسی تاخیر کے بغیر نافذ کیا جائے۔اس کے علاوہ اس دن میمورنڈم میں مزید کچھ مطالبات بھی پیش کیے جائیں گے۔جس میں سب سے اہم مانگ مہاراشٹرا ایکی کرن سمیتی پر فوری پابندی لگانے کی ہے،جوبیلگاوی کے مسئلے پر عوام کو مشتعل کررہی ہے۔
پروین کمار نے یہ بھی کہا کہ بند منانے کے لئے کے آر وی کی طرف سے پولیس سے اجازت بھی طلب نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ احتجاج ریاست کے مفادات کے مخالف کارکنوں کا نہیں ہے۔اس کے علاوہ 8جون کو اڈپی سے' کاسرگوڈ چلو'ریالی نکالنے کی بات بھی بتائی گئی ہے۔