اڈپی:مندر کے پجاریوں پربجرنگ دل والوں کا حملہ۔ مندر میں برہنہ کرکے پیٹا
اڈپی 8؍دسمبر(ایس او نیوز) کرجے مہالنگیشور مندر کے پجاریوں نے الزام لگایاہے کہ بجرنگ دل اور بی جے پی کے کچھ لیڈروں نے مندر کے اندر’مقدس حجرے‘ میں گھس کراس وقت حملہ کیا جب وہ پوجاپاٹ میں مصروف تھے۔ پجاری کے بیان کے مطابق حملہ آوروں نے مارپیٹ کرتے وقت حملہ آوروں نے ان کے کپڑے اتار کر برہنہ کردیا تھا۔
رام کرشنا اڈیگا اور سری کانت اڈیگا اس مندر کے موروثی ٹرسٹی پجاری بتائے جاتے ہیں۔ انہیں علاج کے لئے اجرکڈ ضلع اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس کے پاس درج کی گئی شکایت کے مطابق کرجے گرام پنچایت کا صدر او ربی جے پی لیڈر سریش شیٹی ٹاڈل، سوگّی سدھاکر،بال کرشنا شیٹی، نوین پتران، سدانند ا سنتے کٹّے اور دیگر دس افراد نے غیر قانونی طور پر مندر میں داخل ہوکر پجاریوں پر حملہ کیا اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ہے۔اس کے علاوہ حملے کے دوران پجاریوں کے جسم پر موجود جینو اور سونے کی چین بھی چھین لی گئی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں میں سے ایک شخص ماضی میں مندر کی تعمیر نو کمیٹی کا صدر رہ چکا ہے اور ان لوگوں نے6مہینے قبل مندر کی ہُنڈی چرائی تھی، جس کی وجہ سے ا ن کے خلاف پولیس میں چوری کا کیس داخل کیا گیا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ مندر کی انتظامیہ کمیٹی نے ان افراد کے خلاف کنداپور اسسٹنٹ کمشنر کے پاس شکایت بھی درج کررکھی ہے کہ یہ لوگ باربار مندر کے معاملات میں مداخلت کررہے ہیں ۔ اس کے بعد ڈی سی نے پولیس کو ہدایت دی تھی کہ ان افراد کو مندر کے معاملات میں دخل اندازی کرنے سے روکے۔اب الزام لگایا جارہا ہے کہ برہماور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر راگھویندرا کی جانب سے ڈی سی کے حکم کی تعمیل نہیں کی جارہی بلکہ وہ ملزمین کی پشت پناہی کرنے میں مصروف ہے۔
پجاری اڈیگا نے یہ الزام بھی لگایا ہے کہ اڈپی کے رکن اسمبلی رگھو پتی بھٹ کی موجود گی میں منعقدہ مصالحتی میٹنگ کے دوران ملزمین سدھاکر اور سریش شیٹی نے پجاری اڈیگا کو دھمکیاں دی تھیں کہ وہ ان کے ہاتھ پیر کاٹ کر رکھ دیں گے۔