امارات : ایران کے لیے جاسوسی کرنے والوں کو جیل اور جرمانے کی سزا
ابو ظہبی 27دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ابوظبی میں فیڈرل اپیل کورٹ نے سکیورٹی سے متعلق 6 مقدمات میں ایک خاتون سمیت 13 ملزمان کو قصور وار ٹھہرایا ہے۔ اماراتی اخبار البیان کے مطابق منگل کے روز جاری فیصلے میں عدالت نے ان افراد کو 18 ماہ سے 15 برس تک کی قید اور 6 ہزار درہم سے دس لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا سنائی۔ اس کے علاوہ سزا پر عمل درامد ہونے کے بعد ان افراد کو عدالتی کارروائی کے اخراجات کی ادائیگی اور ریاست بدر ہونے کا بھی پابند بنایا گیا ہے۔عدالت نے مذکورہ افراد کو جن جرائم کے ارتکاب پر سزا دی ہے اْن میں ریاست کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی غرض سے سوشل میڈیا پر معلومات پھیلانا ، دہشت گرد تنظیم داعش کے لیے پروپیگنڈہ کرنا ، ریاست کے مفادات کو خطرے میں ڈالنے والی خبریں پھیلانا ، بغیر اجازت گولہ بارود اپنے قبضے میں رکھنا ، ایک غیر ملکی ریاست کے لیے جاسوسی کرنا ، ریاست سے متعلق اہم شخصیات کی اہانت کرنا ، تیل کی تنصیبات کی غیر قانونی طور پر تصاویر لینا ، داعش اور جبہۃ النصرہ تنظیم سے الحاق ، ایک غیر ملکی ریاست کو ابوظبی پولیس اور ایک عسکری کیمپ سے متعلق خاص نوعیت کی معلومات فراہم کرنا ، دو برادر ممالک کے خلاف دشمنانہ کارروائی کا ارتکاب اور واٹس ایپ پر ان دو ممالک کے بارے میں بْری عبارتیں پھیلانا ، یمن میں میں موجود امارات کی مسلح افواج کی ساکھ خراب کرنے کے لیے انٹرنیٹ پر اْس کے خلاف نازیبا عبارتیں پھیلانا ، ایک غیر ملک کے سفارت خانے کے ایجنٹوں کو ریاست میں آئل فیلڈز سے متعلق نقشے ، دستاویزات اور حساس معلومات فراہم کرنا شامل ہے۔سزا پانے والوں میں ایک 45 سالہ خاتون بھی شامل ہے۔ یہ خاتون ایک دوسرے ملزم کے ساتھ ابوظبی میں ایرانی سفارت خانے کے عسکری اتاشی سے ملاقات میں شریک ہوئی۔ ملاقات کا مقصد ریاست سے متعلق عکسری معلومات فراہم کرنا تھا۔