U-19 ورلڈ کپ:ہندوستان نے پاپوا نیو گن کو 10وکٹوں سے ہرایا
ماؤنٹ ماؤنگانوئی،16؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)تین بار کی چمپئن ہندوستانی ٹیم نے پاپوا نیو گنیا کو دس وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی انڈر 19ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔کپتان پرتھو شا نے جارحانہ انداز میں نصف سنچری بنائی جبکہ اسپنر انوقول رائے نے پہلی بار پانچ وکٹ لئے۔ دونوں نے ہندوستان کی شاندار جیت میں اہم کردار ادا کیا۔رائے نے 6.5اوور میں 14 رن دے کر پانچ وکٹ لیے۔اس سے پہلے کپتان شا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔اویا سیم(15) اور سمون اتا(13) رن کے علاوہ پاپوا نیو گنیا کا کوئی بلے باز ٹک نہیں سکا۔اورپوری ٹیم 21.5 اوور میں 64 رن پر آؤٹ ہو گئی جو اس ٹورنامنٹ کا ابھی تک کا سب سے کم اسکور ہے۔پاپوا نیو گنیا آخری بار 2014میں متحدہ عرب امارات میں ورلڈ کپ کھیلا تھا۔پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 100 رنز سے شکست دینے والی ہندوستانی ٹیم نے آٹھ اوور میں ہی بغیر کوئی وکٹ گنوائے ہدف حاصل کر لیا۔شا نے 39 گیند میں 12 چوکوں کی مدد سے 57رن بنائے۔اس ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری نصف سنچری ہے۔وہیں رائے نے جونیئر ون ڈے کرکٹ میں پہلی بار پانچ وکٹ لئے۔