بھٹکل 3/جون (ایس او نیوز) سمندری لہروں اور اونچی اُٹھتی موجوں میں بری طرح پھنس کر غوطے کھاتے ہوئے دو لوگوں کو لائف گارڈ کے اہلکاروں نے صحیح سلامت باہر نکال دیا اور دونوں کو بچانے میں کامیاب ہوگئے۔یہ واردات آج اتوار شام کو پیش آئی۔
ذرائع نے بتایا کہ عاشق (18) اور گوند (16) مرڈیشور آر این ایس کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں، آج اتوار کی چھٹی ہونے پر دونوں سمندر میں تیر رہے تھے کہ سمندری موجیں اُنہیں کنارے سے گہرے پانی کی طرف لے گئی۔ جہاں گہرائی زیادہ ہونے اور موجوں میں تیزی ہونے کی وجہ سے دونوں نوجوان بری طرح پھنس گئے اور کنارے واپس آنے کے لالے پڑ گئے، ایسے میں لائف گارڈ کے اہلکاروں کو واقعے کی جانکاری ملتے ہی ایک ٹیم سمندر میں اُترگئی اور دونوں نوجوانوں کو بحفاظت واپس کنارے تک لانے میں کامیاب ہوگئی۔
جان جوکھم میں ڈال کر گہرے سمندر میں تیرنے پر دونوں کو مرڈیشور پولس کے حوالے کیا گیا ہے ۔
ان کو بچانے میں لائف گارڈ کے سبرامنیم ہری کنترا اور ششی دھر نائک نے اہم رول ادا کیا، جن کی مرڈیشور بیچ پر موجود کافی لوگوں نے خوب ستائش کی ہے۔