مرشدآباد کے اسپتا ل میں لگی آگ ، بھگدڑ میں 2لوگوں کی موت
برہام پور ؍مغربی بنگال ، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مرشدآباد میڈیکل کالج ا سپتا ل میں آج آگ لگ جانے کے بعد مچی بھگدڑ میں دو افراد کی موت ہوگئی جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔اس کے بعد مریض اور ان کے رشتہ دار گھبراہٹ میں آ گئے۔ہیلتھ سروس کے ڈائریکٹر بشورنجن ستپتی نے کولکا تہ میں میڈیا کو بتایا کہ اسپتا ل میں آج صبح 11:50بجے آگ لگ جانے کے بعد مچی بھگدڑ میں دو خواتین کی موت ہو گئی۔دونوں نرسنگ اسسٹنٹ تھیں۔کچھ دوسرے افراد زخمی ہو گئے، لیکن ہمیں ابھی معلومات نہیں ملی ہے۔ستپتی نے کہا کہ اسپتا ل کے اہم میڈیکل وارڈ میں خالی پڑے ایک وی آئی پی کیبن میں اے سی مشین میں آگ لگ گئی۔انہوں نے کہاکہ سب نے آگ سے بچنے کے لیے بھاگنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے مچی بھگدڑ میں دو نرسنگ اسسٹنٹ کی موت ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ پاس کے واڈور سے مریضوں کو اورمحکمہ برائے امراض اطفال سے بچوں کو فوری طور پر باہر نکالا گیا اور ان سب کو نو تعمیر شدہ ایم سی ایچ مرکز لے جایا گیا۔ستپتی نے بتایا کہ وزیر اعلی ممتا بنرجی کولکا تہ سے حالات پر نظر رکھ رہی ہیں، وہیں کولکا تہ سے چار رکنی اعلی اختیارحاصل ٹیم کو موقع پر جلد سے جلد پہنچنے کو کہا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کی محکمہ جاتی جانچ کی ہدایت دے دی گئی ہے۔اسپتا ل کے چیف صحت میڈیکل آفیسر شبھاشیش ساہا حالات پر نظر رکھ رہے ہیں، وہیں مالدہ سے ایک خصوصی طبی ٹیم کو مدد کے لیے جائے حادثہ کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔ستپتی نے کہاکہ فی الحال گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے اور حالات قابو میں ہیں۔ریاستی وزیر سون چٹرجی نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔موقع پر پہنچے فائر بریگیڈ اہلکاروں کو شک ہے کہ وی آئی پی کیبن کی اے سی مشین میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی ہے ۔