بھٹکل 4/جون (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کے انکولہ نیشنل ہائی وے کے گائوری کیری پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں بائک سوار شدید زخمی ہوگیا جس کی شناخت کاروار کے رہنے والے پربھو تندویل کی حیثیت سے کی گئی ہے، حادثے میں بائک کی پچھلی سیٹ پر سوار انکولہ کے رہنے والے رگھو ہری کنترا کومعمولی چوٹیں آئی ہیں۔
حادثہ سنیچر کی شام اُس وقت پیش آیا جب کاروار سے انکولہ جانے کے دوران بائک کے سامنے اچانک ایک آوارہ گائے آگئی۔ پربھو نے گائے کو ٹکردینے سے بچنے کی کوشش میں اپنی بائک کو دائیں جانب لینے کی کوشش کی تو اُس درمیان ایک کینٹر لاری سے تصادم ہوگیا۔ حادثے میں پربھو کے پائوں کو شدید چوٹ لگی، اُسے فوری طور پر انکولہ سرکاری اسپتال لے جایا گیا، جہاں سے طبی امداد فراہم کرنے کے بعد کاروار سیول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق پربھوکاروار میں منعقدہ شادی کی ایک تقریب کے بعد پربھو اپنے دوست رگھو کو انکولہ چھوڑنے جارہا تھا، جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
ٹکر لگ کر بائک سے نیچے گرتے ہی مقامی نوجوانوں نے مدد کا ہاتھ بڑھایا اور فوری طور پر پربھو کو قریبی اسپتال پہنچایا۔