اسد کو بھاری قیمت چکانا ہو گی،امریکی صدر ٹرمپ کا انتباہ 

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 9th April 2018, 11:15 AM | عالمی خبریں |

واشنگٹن 8اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ میں شہریوں کے خلاف مبینہ کیمیائی حملے کی شامی صدر بشار الاسد کو ’بھاری قیمت‘ چکانا ہو گی۔ تاہم ماسکو نے کہا ہے کہ دمشق حکومت نے مشرقی غوطہ میں کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کیے ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار آٹھ اپریل کے دن ایک بیان میں خبردار کیا کہ مشرقی غوطہ میں شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی شامی صدر بشار الاسد کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ٹرمپ نے بہت سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی ’جانور اسد‘ کی حمایت کر رہے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ٹرمپ نے لکھا کہ ’بے حس کیمیائی حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچے بھی مارے گئے ہیں‘۔تاہم اے ایف پی نے روسی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ شامی حکومت نے مشرقی غوطہ کے شہر دوما میں کوئی کیمیائی حملہ نہیں کیا۔ شام میں ثالثی کی کوششوں کے لیے نامزد کردہ خصوصی روسی مندوب میجر جنرل یوری یوٹشینکو نے کہا، ’’ہم ان خبروں کی سخت الفاظ میں تردید کرتے ہیں۔ہفتے کے دن دوما میں ہوئے ایک حملے کے نتیجے میں کم ازکم ستر شہریوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے جبکہ دس افراد کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے الزامات بھی عائد کیے جا رہے ہیں کہ دوما میں اس کارروائی کے لیے زہریلی سارین گیس استعمال کی گئی۔ اس کارروائی کے لیے شامی صدر بشار الاسد کی حامی افواج کو ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔اس تازہ پیشرفت پر امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان ہیدر ناؤورٹ نے کہا، ’’ اگر ان خبروں کی تصدیق ہو جاتی ہے تو عالمی برادری کو فوری طور پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے کی ضرروت ہو گی۔‘‘ انہوں نے اس مبینہ کیمیائی حملے کو ’ہولناک‘ قرار دیتے ہوئے مزید کہاکہ اسد حکومت اور اس کے حامیوں کو اس حملے کے لیے جواب دہ ہونا پڑے گا تاکہ مستقبل میں ایسی کوئی کارروائی نہ کی جا سکے۔ تاہم روسی حکام نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ میجر جنرل یوری یوٹشینکو نے کہا کہ دوما کے جنگجوؤں سے آزاد کرائے جانے کے بعد ہم فوری طور پر اپنے ماہرین کو وہاں بھیجیں گے اور وہ چھان بین کے بعد واضح کر دیں گے کہ مبینہ کیمیائی حملے کی خبریں من گھڑت ہیں۔روسی وزارت خارجہ کی طرف سے بھی اتوار کے دن جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کیمیائی حملے کا الزام لگانا ’اشتعال انگیزی‘ ہے۔ اس بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان اطلاعات کی بنا پر اگر شامی فورسز کے خلاف کوئی بھی عسکری کارروائی کی گئی، تو اس کے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔شامی فورسز نے مقامی ملیشیا گروہوں اور روسی عسکری تعاون سے اٹھارہ فروری کو مشرقی غوطہ کی بازیابی کا آپریشن شروع کیا تھا۔ اب تک اس کارروائی کے نتیجے میں کم ازکم سولہ سو شہری مارے جا چکے ہیں۔ شامی فورسز دمشق کے نواح میں واقع مشرقی غوطہ کے پچانوے فیصد علاقے کا انتظام سنبھال چکی ہیں تاہم باغی ابھی تک مشرقی غوطہ کے سب سے بڑے شہر دوما کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔