تری پورہ وزیراعلیٰ اپنے بیان پر قائم، یقین نہ کرنے و الوں کو تنگ نظر قرار دیا
تری پورہ 18؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مہابھارت کے عہد میں سیٹلائٹ اور انٹرنیٹ کی دستیابی کا دعویٰ کرنے والے بی جے پی لیڈر اور تریپورہ کے وزیر اعلی بپلب دیب اپنے بیان پر قائم نظر آ رہے ہیں،حتیٰ کہ ا نہوں نے اس پر یقین نہ کرنے والوں کو تنگ نظر قراردیتے بیمار ذہنیت کا حامل قرار دیا ۔ بدھ کو جب صحافیوں نے ان سے اس بارے میں بات کی تو بپلب دیب نے کہا کہ تنگ ذہنیت کے لوگوں کا اس پر یقین کرنا مشکل ہے۔ایسے لوگ اپنے ملک کو حقیر سمجھتے ہیں اور دوسرے ممالک کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر نہ توتذبذب کے شکار ہوں اور نہ ہی دوسروں کو تذبذب کا شکار ہونے دیں ۔ غور طلب ہے کہ ایک دن پہلے ہی دارالحکومت اگرتلہ میں منعقد ہ ایک پروگرام میں بپلب دیب نے کہا تھا کہ ملک میں مہابھارت دور میں بھی تکنیکی سہولیات دستیاب تھیں، جن میں انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا تھا کہ مہابھارت کے دوران سنجے نے بیٹھ کر دھرت ر اشٹر کو بتایا تھا کہ جنگ میں کیا ہو رہا ہے۔ سنجے آنکھ سے کس طرح دیکھ سکتے ہیں، کا مطلب ہے کہ اس وقت بھی ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور سیٹلائٹ موجود تھا ۔ جب کہ حقیقت تو یہ ہے کہ ان تمام جدید ٹیکنالوجی کا ایجاد مہابھارت کے بہت بعد ماضی قریب کی دین ہے ۔