تین طلاق کو ختم کرنے کے لئے مجوزہ بل شریعت میں مداخلت: ڈاکٹر نوہرہ شیخ
نئی دہلی، 26نومبر (یوا ین آئی) آل انڈیا مہیلا ایمپاورمنٹ پارٹی کی صدر انسانی حقوق کارکن ڈاکٹر نوہر ہ شیخ نے مرکزی حکومت کے تین طلاق کو ختم کرنے کے لئے مجوزہ بل پیش کرنے کو شریعت میں مداخلت کرتے ہوئے کہاکہ اس کی ہرسطح پر مخالفت کی جائے گی۔محترمہ شیخ نے کہا کہ ایک مجلس میں تین طلاق غلط ہے اور اسلام میں اس کو منع کیا گیا ہے لیکن اسلام نے تین طلاق کا جو پاکیزہ طریقہ بتایا ہے اسے ختم نہیں کیا جاسکتا اور یہ شریعت میں صریحاً مداخلت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بعض صورت میں طلاق رحمت ہوتی ہے، بہت سے خواتین ظالم مردوں سے چھٹکارا پانا چاہتی ہیں یا کچھ مرد بیوی کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے اس مسئلہ کے حل کے لئے اسلام میں طلاق کا نظام ہے۔