مخالفت کے خوف سے کاروار رنگ مندر میں پولیس تحفظ کے ساتھ بند ہال میں منایاگیا ٹیپو جینتی پروگرام
کاروار 11؍نومبر(ایس اونیوز) 10نومبر کوسرکاری طور پر منائی جانے والی ٹیپو سلطان جینتی کے سلسلے میں مخالفت اور مظاہروں کے خوف نے ضلع شمالی کینرا کی انتظامیہ کو فکر مند کردیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ رنگ مندر میں جہاں ٹیپو جینتی کے سلسلے میں پروگرام منعقد کیاگیا تھا وہاں پر پولیس کا سخت حفاظتی بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ پروگرام کے دوران ہال کے دروازے بند کردئے گئے تھے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ سدارامیانے ریاست میں جملہ 13شخصیات کی جینتی منانے کا اعلان کیاتھا۔ ان میں سے صرف ٹیپو سلطان کی شخصیت ہی ایسی ہے جس کے خلاف فرقہ پرستوں نے اور کچھ کیتھولک عیسائیوں نے مخالفت کرنا شروع کیا ہے۔اس کے علاوہ اس پروگرام کا انعقاد ہر سال پولیس کے لئے ایک طرف دردسر بنتاجارہا ہے تو دوسری طرف دیگر محکمہ جاتی افسران بھی اس میں کوئی خاص دلچسپی نہیں لیتے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کاروار میں منعقدہ پروگرام میں بھی عوامی دلچسپی کا مظاہرہ دیکھنے کو نہیں ملا۔جبکہ ناخوشگوار واقعات کو روکنے کے لئے شہر میں دفعہ 144کے تحت امتناعی احکامات لاگو کیے گئے تھے۔ سرسی میں بھی پولیس نے پروگرام کے لئے حفاظتی بندوبست بہت سخت کردیا تھا۔
پتہ چلاہے کہ ضلع کے ہلیال شہرمیں سب سے زیادہ جوش وخروش کے ساتھ ٹیپو سلطان جینتی منائی گئی جبکہ دیگر مقامات پر بہت زیادہ پرجوش انداز میں یہ پروگرام منعقد نہیں ہوا۔بی جے پی کی طرف سے فرقہ پرستی کے لحاظ سے ٹیپو سلطان جینتی کے مخالفت تو سمجھ میں آتی ہے لیکن اس پروگرام میں دوسری سیاسی پارٹیوں اور غیر فرقہ پرست عوام کی جانب سے بھی دلچسپی نہ دکھانا، حیرت کی بات لگتی ہے۔