سعودی سفارت کار کے بیٹے سمیت 3افراد کراچی میں ڈوب گئے
کراچی،27اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کراچی کے ساحل ہاکس بے پر سعودی عرب کے ڈپٹی قونصل جنرل کے بیٹے سمیت 3افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کراچی کے ساحل ہاکس بے پر سعودی عرب سے آئے 3افراد جن کی شناخت فہد، علاء اور عبداللہ کے نام سے کی گئی، ڈوب گئے۔ واقعے کے بعد ایدھی کی ریسکیو ٹیم نے 2کو زندہ بچا لیا جنہیں مرشد اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے جب کہ کچھ گھنٹوں بعد تیسرے شخص کی بھی لاش نکال لی گئی، تینوں نوجوانوں کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈوبنے والے افراد میں سے ایک سعودی ڈپٹی قونصل جنرل کا بیٹا فہد ہے جو چھٹیاں منانے کراچی آیا تھا جب کہ دیگر 2افراد سعودی قونصل کے سفارتکار تھے جس میں ایک سیکیورٹی آفیسر اور دوسرا ملازم بتایا جاتا ہے۔