کاروار:ٹوٹا ہوابجلی کاتار چھونے سے تین بھینسیں ہلاک
کاروار 10؍اگست (ایس او نیوز) بانڈی شیٹّا ناگواڈا علاقے میں ایک ٹوٹ کر گرا ہوابجلی کا تار چھوجانے سے تین بھینسیں ہلاک ہوگئیں۔ کہاجاتا ہے کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بھینسیں ایک میدان کے اندر گھاس چر رہی تھیں۔ اچانک تیز ہوا چلنے کے ساتھ قریب میں واقع دتاتریہ نائک کے گھر پر پمپ سیٹ کو بجلی فراہم کرنے والا تار ٹوٹ کر گرگیا۔ گھاس چرتے ہوئے ان بھینسوں نے زمین پر گرے ہوئے بجلی کے تار پر پاؤں رکھ دئے اور شاک لگنے سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
بتایا جاتاہے کہ گھاس کے اس میدان میں روزانہ 70-80مویشی چرنے کے لئے آتے ہیں۔ جب یہ حادثہ ہوا اس وقت بھی بہت سارے مویشی میدان میں موجود تھے۔ جیسے ہی بجلی کا شاک لگا تو ان بھینسوں نے زور زور سے چیخنا شروع کیا۔ اس سے بقیہ جانور دور بھاگ کھڑے ہوئے اور ان کی جان بچ گئی۔بھینسوں کی چیخیں سن کر جب تک آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے تب تک بجلی کے تار کی زد میں آنے والے جانور ہلاک ہوچکے تھے۔ہلاک ہونے والی تین بھینسوں میں سے دو بھینسیں حاملہ تھیں۔ان بھینسوں کے مالکوں میں سے ایک ستیش وٹھل نائک نے بتایا کہ ان بھینسوں کو پالنے اور دودھ بیچنے سے ان کی آمدنی ہورہی تھی۔ ان تین بھینسوں کی قیمت اندازاً 90ہزارروپے ہوتی ہے۔ابھی کچھ دنوں میں بچہ دینے لائق بھینسوں کی ہلاکت سے ان کا بڑا نقصان ہوا ہے۔ اور یہ ہیسکام والوں کی غفلت کی وجہ سے ہوا ہے۔