منگلورو میں پارک کی گئی کاروں سے دن دہاڑے چوروں نے کیا قیمتی اشیاء پر ہاتھ صاف
مینگلور 5؍اگست (ایس او نیوز)شہر میں بونڈیل چرچ کے پاس پارک کی گئی دو کاروں سے چوروں نے دن دہاڑے نقد رقم، اہم دستاویزات ، موبائل فون اور دیگر کچھ قیمتی اشیاء پر ہاتھ صاف کردیا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بچپے کے سنیل والدار کی ماروتی اومنی کار سے چرائی گئی چیزوں میں نقد رقم چار سو یو اے ای درہم ،ایک ہندوستانی اور ایک اماراتی ڈرائیونگ لائسنس، میڈیکل انشورنس ، دبئی امارات کا شناختی کارڈ او ر ایک کریڈٹ کارڈ شامل ہے۔دوسری کار ماروتی سوزوکی آلٹو تھی جس کے مالک کیانیوٹ پنٹو کے مطابق کار کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کرچوروں نے نقد رقم اور ایک پاور بینک چرالیا ہے۔
ایک رکشہ ڈرائیور نے بتایا کہ ماروتی اومنی کار سے کسی شخص کو اس نے چیزیں باہر نکالتے ہوئے دیکھا اور جیسے ہی اس شخص نے رکشہ ڈرائیور کو دیکھا تو فوراً موقع سے رفوچکر ہوگیا۔بونڈیل چرچ میں چل رہے دس روزہ مذہبی تقریب میں شرکت کے لئے کثیر تعداد میں لوگ چرچ آئے ہوئے تھے اس وجہ سے پارکنگ میں بھی گاڑیوں کی تعداد معمول سے بہت زیادہ تھی۔ چوری کی واردات پیش آنے کی خبر ملنے پر کاوور پولیس اسٹیشن کے افسران نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرلیا ہے۔