ابوظہبی کی فیمیلی کوسوشیل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرنا مہنگا پڑگیا؛ چوروں نے کیا پورے گھر پر ہاتھ صاف

Source: S.O. News Service | By I.G. Bhatkali | Published on 30th March 2017, 12:14 AM | خلیجی خبریں |

ابوظہبی 29؍مارچ (ایس او نیوز) عام طور پر لوگ سیر و سیا حت کے لئے اس لئے جاتے ہیں کہ وہ بے فکر ہو کر زندگی کے کچھ لمحات گزاریں اور ذہنی و جسمانی سکون حاصل کریں۔ لیکن عرب امارات کی ایک فیمیلی کو یوروپ کی سیر و سیاحت کے لئے جانے کے بعد وہاں سے اپنے خوش گوار لمحات کی تصاویر سوشیل میڈیا پرپوسٹ کرنا بہت مہنگا پڑا کیونکہ ان تصاویر سے چوروں کو یہ پیغام مل گیا کہ ابو ظہبی میں ان کے گھر پرتالا لگا ہوا ہے 

اس موقع کا فائدہ اٹھاکر 3ایشیائی باشندوں نے ان کے گھرکے دروازے توڑ کراندر داخل ہو تے ہوئے لوٹ مچائی اور ہزاروں درہم مالیت کے زیورات اور قیمتی اشیاء پر ہاتھ صاف کیا۔ گھر اور الماریوں کے دروازے توڑنے کے لئے ملزمین نے لوہے کی سلاخوں اور دوسرے اوزار کا استعما ل کیاتھا۔ اس چوری کا پتہ اماراتی خاندان کوہفتہ بھر چھٹیاں مناکر گھر واپس لوٹنے پر چلا جس کے بعدانہوں نے اس واردات کے سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کروائی اور پولیس نے تحقیقات کے بعد ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ دبئی سے شائع ہونے والے معروف انگریزی روزنامہ خلیج ٹائمز نے تفصیلی رپورٹ میں اس بات کی جانکاری نہیں دی ہے کہ ان تینوں کاتعلق ایشیاء کے کس ملک سے ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والے ان تین ملزموں نے مبینہ طور پر پولیس کو بتایا تھا کہ انہوں نے مذکورہ اہل خانہ کی چھٹیوں والی تصاویر سوشیل میڈیا میں دیکھنے کے بعد چوری کی کامیاب واردات انجام دی تھی۔ لیکن بعد میں عدالت میں ملزمین اپنے بیان سے پلٹ گئے اور اپنے آپ کو بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کی، مگر پولیس نے جو دیگر شواہد پیش کیے تھے اس کی بنیا د پر ابوظہبی کریمنل کورٹ نے ان کو مجرم قرار دیتے ہوئے دس سال قید کی سزا سناتے ہوئے سزا پوری ہونے پر ملک بدر کرنے کا حکم دیا۔

دبئی پولیس کی الامین سروس کی جانب سے امارات میں رہائش پذیر افراد کو تنبیہ کی گئی ہے کہ جو کچھ بھی ذاتی اور پرسنل معلومات آپ سوشیل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہیں ، اس کے تعلق سے بہت ہی زیادہ محتاط رہیں کیونکہ انٹرنیٹ پر آنے کے بعد کوئی بھی بات پھر ذاتی اور پرائیویٹ نہیں رہ جاتی ہے۔چور ، بدمعاش اورجرائم پیشہ عناصر انٹرنیٹ کے ذریعے سے آپ کی تما م معلومات حاصل کرنے کے قابل ہوتے ہیں اور آپ کے لئے بڑی مشکلات پید اہوسکتی ہیں۔

دبئی پولیس کی الامین سروس 24گھنٹے خدمات فراہم کرتی ہے جہاں پر آپ اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے کسی بھی جرم کے بارے میں پولیس کو معلومات دے سکتے ہیں۔اس سروس کے ذمہ داروں نے اب تک کئی لوگوں کے ساتھ پیش آنے والے ذاتی نوعیت کے مسائل جیسے بلیک میلنگ، دھوکہ اور فریب دہی وغیرہ کے معاملات حل کیے ہیں۔انٹرنیٹ کے ذریعے کسی کے گھر سے باہر ہونے کی معلومات حاصل کرنے پر روک لگانے کی ایک تجویز الامین نے یہ بتائی ہے کہ لوگ اپنے فون سے 'جیو لوکیشن'کو disableکردیں۔ اس کے علاوہ الامین نے یو اے ای میں رہنے والے لوگوں کو وارننگ دی ہے کہ سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلانے، کسی کو بے عزت اور بدنام کرنے سے گریز کریں ورنہ سخت قانونی کارروائی کے لئے تیار رہیں۔

یو اے ای کی ٹیلی کمیونی کیشن ریگیولیٹری اتھاریٹیTRAنے سال 2014میں عوام کے لئے جو ہدایات جاری کی تھیں اس کے مطابق کسی دوسرے کی تصاویر اس کی اجازت کے بغیر پوسٹ نہیں کی جانی چاہیے، چاہے وہ اس کا دوست ہو یا فوٹو گرافر ہی کیوں نہ ہو۔یہ اس کی ذاتی زندگی میں مداخلت کے مترادف ہوگا۔ بے عزتی کرنے والے یا دھمکی دینے والے تبصرے (کمینٹ) نہیں کرنے چاہئے،  ورنہ عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔فحش تصاویر یا شراب اور نشے کی تصاویر بھی پوسٹ نہیں کرنا چاہیے۔ غیر مسلم اپنے قابو میں رہ کر شراب پی سکتے ہیں مگر اسلامی اقدار اورامارات کے اخلاقیات کو ٹھیس پہنچانے والی تصاویر پوسٹ کریں گے تو قانونی کارروائی ہوگی۔ننگی اور جنسی عمل والی (پورنو)تصاویر شائع کرنا بھی ممنوع ہے۔

TRAنے کسی کی مرضی کے بغیر اپنے کسی بھی پوسٹ کو اس کے ساتھ ٹیگ کرنے کے خلاف بھی وارننگ جاری کی ہے، اور ایسا کرنے والوں کو بھاری جرمانہ اور قید کی سزا مقرر کی ہے۔ اسلامی اقدار اور اخلاقیات کو ٹھیس پہنچانے کے خلاف بھی اقدام کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ نفرت بھری تقاریر، تشدد پر اکسانے کی کوشش یا تشدد بھری تصاویر پوسٹ کرنے کے خلاف بھی TRAنے وارننگ جاری کی ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

تہوار کے موسم میں گلف - منگلورو ہوائی کرایہ آسمان چھو گیا - دبئی سے منگلورو ایک طرفہ کرایہ ہوگیا 70 ہزار روپے !

موسم گرما کی چھٹیاں ، ایسٹر، یوگادی اور عید کے تہواروں کا موسم قریب آتے ہی دبئ سے منگلورو تک کا ہوائی کرایہ آسمان کو چھونے لگا ہے جس کی وجہ سے  جو ایک طرفہ کرایہ زیادہ سے زیادہ 30 ہزارو روپے تک چل رہا تھا اب بڑھ کر 70 ہزار روپوں کے نشان تک پہنچ گیا ہے ۔    

سعودی عربیہ میں المناک سڑک حادثہ؛ منگلورکے ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کی موت

ریاض کے مضافاتی علاقہ زُلفیٰ میں پیش آئے ایک المناک کار حادثے میں مینگلورو کے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں 3 ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ حادثہ بدھ کی شب کو اُس وقت پیش آیا جب یہ لوگ عمرہ  کے لیے قطر سے مدینہ منورہ (سعودی عرب) جا رہے تھے۔ 

بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے لیے نئے عہدیداران کا انتخاب: شہریار خطیب صدر اور جیلانی محتشم بنے جنرل سکریٹری

جماعت کے سرگرم رکن جناب شہریار خطیب گلف کی بھٹکلی جماعتوں میں سب سے زیادہ مضبوط اور سرگرم سمجھی جانے والی بھٹکل مسلم جماعت کے صدرمنتخب ہوگئے ، جبکہ جناب جیلانی محتشم جنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوگئے ہیں۔ نائب صدر کے عہدہ پر عمران خطیب، سکریٹری اول کے طور پرعبدالوسیع خلیفہ، ...

سعودی عربیہ میں چاند نظر آگیا؛ سعودی سمیت عرب امارات، بحرین اور دیگر گلف ممالک میں رمضان کا اعلان؛ عمان میں ایک دن بعد یعنی منگل کو ہوگا پہلا روزہ

سعودی عربیہ میں آج اتوار شام کو چاند نظر آنے کے بعد سعودی عربیہ سمیت  متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت  میں    رمضان کا اعلان کیا گیا ہے۔البتہ مسقط میں رویت ہلال ثابت نہیں ہوا، اس لئے وہاں رمضان کا اعلان نہیں ہوا ہے۔

دبئی سمیت عمان میں بھی گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش

  دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف شہروں  میں موسلا دھار بارش  ہونے سے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق  ہفتہ کی صبح  دبئی ،ابو ظبی، فجیرا اور دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ دبئی کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے ...

سعودی عرب کے ریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا

الریاض میں دنیا کا بلند ترین ٹاور تعمیر ہوگا جس کی اونچائی دو کلو میٹر ہو گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق ’architects journal‘ نے کہا ہے کہ برطانوی کمپنی ریاض میں تعمیر ہونے والے بلند ترین ٹاور کا ڈیزائن تیار کر رہی ہے۔توقع کی جارہی ہے کہ ریاض میں تعمیر ہونے والا ٹاور برج خلیفہ سے بلند ہوگا ...