بھٹکل کے ایک مکان پر چوروں کا دھاوا؛ کچھ نہیں لگا ہاتھ
بھٹکل 18/جنوری (ایس او نیوز) شہر میں چوری کی ایک اور واردات اُس وقت ناکام ہوگئی جب چوروں نے ایک مکان کے سبھی دروازوں پر لگے تالے توڑ ڈالنے اور سبھی الماریوں کو توڑ کر تلاشی لینے کے بائوجود اُن کے ہاتھ کچھ قیمتی سامان نہیں لگا۔
یہ واردات شہر کے خلیفہ اسٹریٹ میں عبدالمتین علی اکبرا کے مکان صدیقہ ہائوس میں آج جمعرات صبح پیش آئی۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ مکان خلیفہ جامع مسجد کے بالکل سامنے ہے اور کافی چہل پہل والا علاقہ ہے، مگر چوروں نے داخلی دروازے کا تالہ توڑ کر اندر داخل ہوئے ہیں، اندر جانے کے بعد دوسرے دروازوں کی کنڈیاں بھی توڑی ہیں ، اندر پہنچ کر چار ،پانچ الماریوں کے دروازوں کو غالباً لوہے کی سلاخ سے توڑا ہے ، سبھی سامانوں کی تلاشی لی گئی ہے، مگر چونکہ الماریوں میں نقد رقم ، زیورات یا کوئی قیمتی اشیاء نہیں تھی، لہٰذا الماریوں کو کھلا چھوڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے پہلے مالہ پر موجود کمروں کے دروازوں کے تالے بھی توڑے ہیں، مگر وہاں پر بھی اُن کے ہاتھ کچھ نہیں لگا ہے۔
سبھی کپڑے اور الماریوں میں موجود چیزیں باہر بکھری پڑی ہوئی تھی۔ ٹوٹے ہوئے تالے اور کنڈیاں بھی گھر پر پڑی پائی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ سبھی مکین گذشتہ چار ماہ سے اسی محلہ میں موجود دوسرے مکان میں رہتے ہیں، البتہ اس پرانے مکان میں گھروالوں کا آنا جانا لگا رہتاہے۔ آج صبح قریب سات بجے جیسے ہی گھروالے کچھ کام سے اس طرف آئے تو پتہ چلا کہ داخلی دروازے کی کنڈی ٹوٹی ہوئی ہے۔
واقعے کی اطلاع بھٹکل ٹائون پولس تھانہ کو دی گئی ہے۔