ایم سی ڈی الیکشن میں کانگریس کی شکست کے لیے شیلا دکشت نے ماکن کو ذمہ دار ٹھہرایا
نئی دہلی:26/اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت نے ایم سی ڈ ی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے لیے مقامی قیادت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے آج الزام لگایا کہ اجے ماکن کی قیادت میں دہلی کانگریس لوگوں تک پہنچ نہیں سکی۔شیلا نے کہاکہ پارٹی ووٹروں تک اس طرح پہنچ نہیں بنا پائی، جس طرح اس کو پہنچنا چاہیے تھا، جب آپ کچھ نہیں کرنا چاہتے ہیں، تو کوئی بھی بہانہ بنایا جا سکتا ہے، ہائی کمان کو فیصلہ کرنا پڑے گا، قیادت کو خوداحتسابی کی ضرورت ہے۔دہلی کی سابق وزیر اعلی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماکن انتخابی مہم میں ان کے (شیلا) ساتھ ہی سینئر لیڈروں کو جوڑنے میں ناکام رہے۔شیلا نے کہاکہ مجھے انتخابی مہم کے لیے کہا ہی نہیں گیا تھا، تو میں تشہیر کس طرح کر سکتی تھی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس رائے دہندگان تک پہنچنے میں بھی ناکام رہی،پارٹی ہائی کمان اس معاملے کو دیکھے گا۔