کرناٹک کے عازمین حج کا پہلا قافلہ بعافیت مدینہ پہنچا
بنگلورو:25/ جولائی(ایس او نیوز) کل منگلور سے سوئے حرم روانہ ہونے والے عازمین حج کے پہلے قافلے کی بعافیت مدینہ منورہ آمد ہوئی، منگلور سے اڑان بھرنے والے قافلے کا سعودی حکام اور ہندوستانی حج مشن کے افسران نے مدینہ کے شاہ عبدالعزیز ایر پورٹ پر استقبال کیا۔ ان عازمین میں گوا، کنٹا، بھٹکل، داونگیرے، چکمگلور، ہونا ور، بلگاوی، ہاسن، وغیرہ سے آنے والے شامل ہیں۔ عازمین نے سعادت حج میسر ہونے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا اور کہاکہ مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں اپنے قیام اور مناسک حج کی ادائیگی کے مرحلہ میں وہ وطن عزیز ہندوستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور بھائی چارگی کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔ حج کمیٹی کی طرف سے مدینہ منورہ میں انڈین حج مشن کے تمام افسران حج کی تیاریوں کیلئے پوری طرح مستعد ہوچکے ہیں، گوا اور منگلور سے عازمین حج کے قافلوں کی روانگی کے ساتھ ہی ریاست سے عازمین کے پہنچنے کا سلسلہ چل پڑا ہے۔ 8 اگست سے راجدھانی بنگلور سے عازمین کی روانگی شروع ہوگی، جس کیلئے حج بھون میں وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کی سرپرستی میں انتظامات غیر معمولی تیزی سے جاری ہیں۔ عازمین حج کی روانگی کے ہر مرحلے میں ان کی خدمات انجام دینے والے رضاکار اور مختلف ادارے جو پچھلے 21سال سے حاجیوں کی خدمت کرتے آرہے ہیں۔ اس بار بھی وہ اپنی خدمت کیلئے پوری طرح کمر بستہ ہیں۔ شہر میں 5/ اگست سے عازمین حج کی بکنگ شروع ہونے کی توقع ہے، جس کے ساتھ ہی حج بھون میں عازمین حج کے قیام کا سلسلہ بھی چل پڑے گا۔ 7/ اگست کو بنگلور سے حج پروازوں کے افتتاح کا جلسہ منعقد ہوگا اور اس کیلئے بھی تیاریاں زوروں سے جاری ہیں۔