کاسر گوڈ بلدی کونسل کے وارڈ نمبر 36پر کانگریس کا قبضہ
بنگلورو:19/جولائی (ایس او نیوز) منگلورو کی کاسر گوڑ میونسپل کونسل کے وارڈ نمبر 36کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کامیاب بن کر ابھری۔ یہ انتخاب 18جولائی کو ہواجس کے ووٹوں کی گنتی 19جولائی کو کاسر گوڑ ٹاون میونسپل ہال میں ہوئی۔ کانگریسی امیدوار ایس ریحانہ نے بی جے پی کی اپنی قریبی حریف سرلا کو 84 ووٹوں کے فرق سے شکست دیتے ہوئے اس وارڈ پر قبضہ جمالیا۔ ریحانہ کو 625ووٹ حاصل ہوئے جبکہ سرلا نے 541ووٹ حاصل کئے۔ سی پی ایم کی جی بندو 90ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہیں۔ جملہ 77.53فیصد رائے دہی ہوئی۔ 1620 رائے دہندوں میں سے 1256 افراد جن میں 709خواتین اور 547 مرد ہیں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ بی جے پی کی کارپوریٹر پریما کی موت کے سبب یہاں اس نشست پر ضمنی انتخاب لازمی ہوگیا تھا۔ قبل ازیں بی جے پی کی پریما نے کانگریس کی بیوینا کے خلاف 73ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔