تلنگانہ میں 19فروری کو کابینہ کی توسیع
حیدرآباد،17فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) تلنگانہ کے وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ دوبارہ اقتدار میں آنے کے دو ماہ کے بعد اپنی کابینہ میں توسیع کرنے کی تیاری میں ہے اور ساری بحث اب اس بات پر ٹک گئی ہے کہ اس میں کن لوگوں کو شامل کیا جائے گا۔راؤ 19 فروری کو اپنے کابینہ کونسل میں نئے اراکین کو شامل کریں گے۔گزشتہ سال سات دسمبر کو اعلان ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج میں راؤ کی پارٹی ٹی آر ایس نے زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور وہ مسلسل دوسری بار ریاست کے وزیر اعلی بنے تھے۔ ان کے ساتھ واحد وزیر محمد محمود علی نے حلف لیا تھا۔ٹی آر ایس کے ترجمان عابد رسول خان نے پہلے کہا تھا کہ اس قواعد نے بہت وقت لیا ہے، بہت جلد اس قواعد کی بنیاد پر کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔غور طلب ہے کہ ٹی آر ایس کی پچھلی حکومت میں کوئی خاتون وزیر نہیں تھی جسے لے کر اس کی خاصی تنقید ہوئی تھی۔بہرحال اپوزیشن کانگریس اور بی جے پی نے کابینہ توسیع میں تاخیر کو لے کر حکومت پر تنقید کی ہے۔کانگریس کے ترجمان ایس دسوجو نے پہلے کہا تھا کہ مکمل کابینہ کی تشکیل میں تاخیر کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ اس کی وجہ سے حکومت نہیں چل رہی ہے اور بیوروکریسی غیر فعال ہے اور ریاست میں افراتفری ہے، فائلوں کا انبار لگ گیا ہے اور ابھی بجٹ پیش نہیں کیا گیا ہے۔