گجرات الیکشن کے تناظرمیں اشتعال انگیزی کاسلسلہ جاری؛تاج محل صرف ایک خوبصورت قبر ہے : انل وج
گروگرام / گڑگاؤں، 20 اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )انتخابی موسم کی وجہ سے دنیا کے سات عجوبوں میں شمار تاج محل کولے کرجاری تنازعہ تھمتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے۔گجرات میں زمین کھسکتی دیکھ کرمبینہ طورپراب پولرازیشن کی کوشش کی جارہی ہے۔ یوپی کے وزیرسنگیت سوم کے چھیڑے ہوئے ساز پر تھرکنے کو ہر کوئی تیار نظر آرہا ہے ۔اب ایک اور نیا تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے ۔ ہر یانہ کے وزیر صحت نے ٹوئٹ کرکے اپنی گرانی طبیعت کا مظاہرہ اپنے ایک متنازعہ ٹوئٹ سے کیا ۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ تاج محل صرف ایک خوبصورت قبر ہے اور اس کے سوا تاج محل کی کوئی حیثیت نہیں ہے ۔ واضح ہوکہ مشہور عالم تاج محل کو مغلیہ سلطان جہانگیر نے ممتاز محل کی یاد میں بنائی تھی اور اس کا نقشہ معروف معمار عیسی آفندی نے بنایا تھا۔ لوگ اسے محبت کی نشانی سمجھتے ہوئے اس کا دیدار کرنے جاتے ہیں ؛ لیکن بھارتی سیاست اب اس کے نام پر نفرت کی سیاست کر رہی ہے ۔ زیر صحت کی گرانی طبیعت میں اس وقت شدید اضافہ ہوگیا جب موصوف نے یہاں تک کہہ دیا کہ تاج محل کی تصاویر بھی اپنے گھروں میں رکھنا بدشگونی کی علامت ہے ؛ لہذا تاج محل کی تصویر رکھنا بھی نہیں چاہیے ۔ ہریانہ کے وزیر صحت انیل وج کا شمار بھی بھاجپائی فائر برانڈ میں ہوتا ہے جوگاہے بگاہے اشتعال انگیز بیان اور ٹوئٹ کرتے رہتے ہیں۔