یکجا وفد اور بشار کے انجام پر بحث کے لیے شامی اپوزیشن کا اجلاس
ریاض،21اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سعودی دارالحکومت ریاض میں پیر کے روز شامی اپوزیشن کی اعلی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے جس کا مقصد آئندہ جنیوا بات چیت میں شرکت کے لیے ایک یکجا وفد تشکیل دینا ہے۔ اجلاس میں قاہرہ اور ماسکو کی بھی نمائندگی ہو گی۔ریاض میں اجلاس کے شرکاء میں شرکت کے لیے آنے والی شخصیات میں سالم المسلط، ریاض نعسان آغا، جورج صبرا اور جمال سلیمان شامل ہیں۔ نمائندے کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اُن 15نکات کو زیر بحث لایا جائے گا جن پر اتفاق رائے ہو چکا ہے اور اب ان کی منظوری دیے جانے کی ضرورت ہے۔ ان کے علاوہ شامی صدر بشار الاسد کے انجام اور جنیوا کے لیے وفد کی توسیع کے معاملات پر بھی گفتگو ہو گی۔
دوسری جانب اعلی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان سالم المسلط کا کہنا ہے کہ اجلاس کے اختتام پر جنیوا مذاکرات کے لیے شامی اپوزیشن کے نمائندوں کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔توقع ہے کہ اعلی مذاکراتی کمیٹی اور قاہرہ اور ماسکو کے نمائندے جنیوا مذاکرات کے لیے اپوزیشن کا ایک یکجا وفد تشکیل دینے کی تیاری کے سلسلے میں شامی بحران کے سیاسی حل بالخصوص بشار الاسد کے انجام کے حوالے سے اپنی بحث مکمل کر لیں گے۔اس سلسلے میں نیشنل الائنس اور مذاکراتی کمیٹی کے ذرائع نے عربی اخبار ’’الشرق الاوسط‘‘کو بتایا ہے کہ اجلاس کے شرکاء کو راضی کرنے کے لیے درمیانی صورت کا حل بھی پیش کیا جا سکتا ہے جس کے تحت صدارتی انتخابات کے انعقاد سے قبل بشار الاسد کو چھ ماہ تک اس کے منصب پر باقی رہنے دیا جائے۔