روہنگیا مسلمانوں کو بنگلہ دیش سے واپس لانے کے لیے تیار ہیں:سوچی

Source: S.O. News Service | By Shahid Mukhtesar | Published on 20th September 2017, 12:42 AM | عالمی خبریں |

نِیپیداو،19؍ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)میانمار کی طاقتور رہنما آنگ سان سوچی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا مہاجرین کو میانمار واپس لانے کے لیے ان کی تصدیق کا عمل شروع کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات دارالحکومت نِیپیداو میں مختلف ممالک کے سفیروں سے ایک ملاقات کے دوران کہی۔ 

سوچی کے مطابق حالیہ دنوں کے دوران تشدد سے بچنے کے لیے ہجرت کر گئے روہنگیا کی تصدیق کا یہ عمل کسی بھی وقت شروع کیا جا سکتا ہے۔ سوچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی حکومت انسانی حقوق کی تمام خلاف ورزیوں اور غیر قانونی تشدد کی مذمت کرتی ہے۔میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے روہنگیا مسلم اقلیت کے خلاف جاری فوجی کارروائی کے تناظر میں کہا ہے ’’ہم سب امن چاہتے ہیں، جنگ نہیں‘‘۔ سوچی کے مطابق وہ روہنگیا بحران کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔

میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے روہنگیا اقلیت کی نسلی تطہیر کے الزامات کے تناظر میں کہا کہ بین الاقوامی مبصرین کو ان واقعات کی چھان بین کرنے کی اجازت ہے اور میانمار کو اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی خوف نہیں ہے۔ سوچی کے بقول ایک مہینے سے بھی کم عرصے کے دوران تقریباً سوا چار لاکھ روہنگیا بنگلہ دیش ہجرت کر گئے ہیں لیکن بحرانی علاقوں میں رہائش پذیر مسلمانوں کی بڑی تعداد ابھی بھی اپنے گھروں میں ہے اور پچاس فیصد سے زائد گاؤں جوں کے توں موجود ہیں۔

سوچی نے دارالحکومت نیپییداؤ میں اکھٹے ہونے والے سفارت کاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت بنگلہ دیش میں موجود روہنگیا کی شناخت کا عمل شروع کرنے پر تیار ہے، ’’ہم تیار ہیں، جانچ پڑتال کسی بھی وقت شروع کی جا سکتی ہے‘‘۔ ان کی یہ بات چیت قومی ٹیلی وژن پر بھی نشر کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھی شدید تشویش کا شکار ہیں، ’’ہم بھی یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اصل مسئلہ کیا ہے۔ الزامات لگائے جا رہے ہیں اور جواب میں بھی الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ ہمیں تمام موقف سننا ہیں۔‘‘

اس موقع پر سوچی نے مزید کہا، ’’ہم انسانی حقوق کی تمام تر خلاف ورزیوں اور تشدد کو رد کرتے ہیں‘‘۔ سوچی نے غیر ملکی سفارت کاروں کو راکھین کے دورے کی دعوت بھی دی، جہاں کے زیادہ تر دیہات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ راکھین ریاست میں ہی روہنگیا کی اکثریت آباد ہے۔ سوچی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔

اسی دوران انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ملکی فوج کی جانب سے روہنگیا پر مبینہ مظالم کے حوالے سے آنگ سان سوچی کے اس تازہ بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس تنظیم کے مطابق سوچی اور ان کی حکومت نے حقائق سے نظریں چرانے کے لیے ’ریت‘ میں اپنا سر دبا لیا ہے۔ ایمنسٹی کے بقول، ’’بنگلہ دیش ہجرت کر جانے والے روہنگیا شناخت نہ ہونے کی وجہ سے واپس نہیں آ سکتے۔‘‘ ایمنسٹی کے بقول سوچی کا خطاب غلط بیانی اور ان الزامات کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا، جو خود متاثرین لگا رہے ہیں۔ 

پچیس اگست سے شروع ہونے والے روہنگیا بحران کے بعد نوبل امن انعام یافتہ سوچی کا یہ پہلا باقاعدہ بیان ہے۔ انہیں پر تشدد واقعات کی مذمت نہ کرنے پر عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔

ایک نظر اس پر بھی

ایشیائی ممالک میں شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا : اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے موسم اور موسمیاتی ادارے نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ممالک میں گرمی کی لہر کے اثرات انتہائی سنگین ہوتے جا رہے ہیں اور گلیشیئروں کے پگھلنے سے آنے والے وقت میں خطے میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو جائے گا۔

اسرائیلی جہاز پر پھنسے 17 ہندوستانیوں سے ہندوستانی افسران کی جلد ہوگی ملاقات، ایران کی یقین دہانی

  ایران و اسرائیل کی کشیدگی کے دوران جہاں ایک جانب ہندوستانی اسٹاک ایکسچنج لڑکھڑا نے لگا ہے تو وہیں ایران کی جانب سے ہندوستان کے لیے ایک راحت کی خبر بھی ہے۔ ایران نے اعلان کیا ہے کہ وہ ہندوستانی افسران کو اسرائیلی مقبوضہ جہاز پر سوار 17 ہندوستانیوں سے ملاقات کی جلد اجازت دے گا۔ ...

کینیڈا میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کا گولی مار کر قتل

کینیڈا کے شہر وینکوور کے علاقے سن سیٹ میں 24 سالہ ہندوستانی طالب علم کو اس کی کار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔ وینکوور پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ 24 سالہ چراغ انٹیل علاقے میں ایک گاڑی کے اندر مردہ پایا گیا۔

افغانستان میں سیلاب کے باعث 33 افراد ہلاک

ا فغانستان کے کچھ حصوں میں گزشتہ تین دنوں میں شدید بارشوں، برف باری اور سیلاب کی وجہ سے 33 افراد کی موت ہو گئی اور 27 دیگر زخمی ہو گئے۔نیشنل ڈیزاسٹر اتھارٹی کے ترجمان ملا جانان سائک نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔

ایران کا اسرائیل پر ڈرونز اور کروز میزائلوں سے بڑا حملہ؛ خطے میں مچ گئی افراتفری

ایران نے شام میں قونصل خانے پر اسرائیلی بمباری کے جواب میں اسرائیل پر حملہ کردیا ہے۔ رپورٹوں کے مطابق ایران نے اسرائیل پر درجنوں ڈرونز اوع کروز میزائل داغے ہیں، جس کے ساتھ ہی پورے خطے میں افراتفری مچ گئی ہے۔