ایم ایم کلبرگی قتل معاملے پر سپریم کورٹ نے کہا ،معاملہ بہت سنگین ہے، جلدہی سماعت ہوگی
نئی دہلی25جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) ایم ایم کلبرگی قتل معاملے میں سپریم کورٹ نے کہا کہ یہ ایک اہم اور سنگین معاملہ ہے اور اس پر جلد سماعت کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے سماعت کو 26 فروری کے لئے ٹالتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد سماعت ٹالی نہیں جائے گی، انہوں نے تمام فریقوں کو اُس وقت تک اپنا کام مکمل کر نے کی ہدایت دی۔
دراصل کرناٹک میں ایم ایم کلبرگی کے قتل کے معاملے میں ان کی بیوی کی درخواست پر سپریم کورٹ سماعت کر رہا ہے۔ پچھلی سماعت میں سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر نریندر دابھولکر، گووند پنسارے، کلبرگی اور گوری لنکیش قتل کے لنک جڑے ہیں تو پھر ایک ہی ایجنسی سے ان کی جانچ ہونی چاہئے۔ سپریم کورٹ نے سی بی آئی سے پوچھا ہے کہ ان معاملات میں آپس میں کوئی لنک ہے یا نہیں۔ کورٹ نے کہا کہ اگر سی بی آئی کو ان معاملات میں تارجڑتے نظر آتے ہیں تو جانچ اسی کو سونپ دیں گے۔ سی بی آئی کے وکیل اس سلسلے میں ہدایات لے کر عدالت کو بتائیں گے کیونکہ دابھولکر کیس کی تفتیش سی بی آئی کر رہی ہے۔ اس دوران کرناٹک حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ کلبرگی اور گوری لنکیش قتل میں لنک ہے۔تین ماہ میں پولیس چارج شیٹ داخل کرے گی۔