سولیا:بجلی کا شاک لگنے سے میسکام کا لائن میں ہلاک
سولیا16؍اگست (ایس او نیوز)بجلی کے کھمبے پر چڑھ کر لائن درست کرتے وقت بجلی کا شک لگنے سے منگلورو الیکٹرک سپلائی کمپنی میں ملازمت کررہے ایک لائن مین کی موت واقع ہوگئی۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق جناردھن نائک (48سال)اور اس کا بھائی ہریش نائک میسکام میں ٹھیکے کی بنیاد پر کام کررہے تھے۔بدھ کے دن وہ دونوں جیٹّی پلیا کے قریب بجلی کی لائن درست کرنے مصروف تھے۔بتایاجاتا ہے کہ جب پاور سپلائی بند کرکے جناردھن کھمبے پر چڑھ کر لائن درست کررہاتھا تو اس وقت میسکام کے ایک مستقل ملازم لائن مین نے اچانک پاور سپلائی بحال کردی۔بجلی کا شاک لگتے ہی جناردھن بری طرح جل گیا اور کھمبے پر ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔
سولیا میں میسکام کے اسسٹنٹ انجینئر ہریش نائک اور مقامی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔ فائر بریگیڈ عملے کی مدد سے جناردھن کی جلی ہوئی لاش کھمبے سے اتارنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لئے روانہ کردی گئی۔سولیا پولیس اسٹیشن میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جناردھن کے پسماندگان میں ایک بیوی اور ایک بیٹی ہے ۔ جناردھن گھر میں کمانے والا اکیلا شخص تھا۔ اس کی موت کی وجہ سے اس کے اہل خانہ بڑی مصیبت کا شکار ہوگئے ہیں۔