پشاور میں بم دھماکا، پولیس کے اعلی عہدیدار جاں بحق، چار اہلکار زخمی
پشاور ،24؍نومبر (ایجنسی) پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر مقام پشاور کے ایک پوش علاقے حیات آباد میں زرغونی مسجد کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر اشرف نور جاں بحق اور 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں صبح پونے 9 بجے ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر اشرف نور اپنے گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ راستے میں زرغونی مسجد کے سامنے ان کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا گیا۔ حملے میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر اشرف نور جاں بحق اور 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ سی سی پی او پشاور طاہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے خودکش حملہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس، ریسکیو اہلکار اور پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آس پاس کی عمارتیں لرز اٹھیں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔پولیس کے مطابق شہید ایڈیشنل آئی جی اشرف نور کی میت اور زخمی ہونے والے تمام افراد کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔